سکینہ ایتو نے جی ایم سی ہندواڑہ کیلئے نئی تعمیراتی سائٹ کی نشاندہی کا جائیزہ لیا

سکینہ ایتو نے جی ایم سی ہندواڑہ کیلئے نئی تعمیراتی سائٹ کی نشاندہی کا جائیزہ لیا

جموں//وزیر صحت اور میڈیکل ایجوکیشن ، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ ایتو نے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہندواڑہ کی تعمیر کیلئے نئی سائٹ کی نشاندہی کے امکانات کا جائیزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی ، ایم ایل اے ترہیگام میر سیف اللہ ، ایم ایل اے ہندواڑہ سجاد غنی لون ، ایم ایل اے کپواڑہ میر محمد فیاض ، ایم ایل اے کرناہ جاوید احمد مرھژل ، ایم ایل اے لولاب قیصر جمشید لون ، ایم ایل اے لنگیٹ شیخ خورشید اور سیکرٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سید عابد رشید شاہ موجود تھے ۔ میٹنگ کے دوران سکینہ ایتو نے ضلع کپواڑہ کے دور دراز علاقوں کیلئے اس اہم ادارے کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے ضلع کپواڑہ کے ممبران اسمبلی کو مشورہ دیا کہ وہ زمین کی نشاندہی کریں جو ضلع کپواڑہ کے تمام علاقوں تک قابل رسائی ہو گی ۔ میٹنگ کے دوران ایم ایل ایز نے کسی متبادل سائٹ پر جی ایم سی ہندواڑہ کے قیام سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں ۔ میٹنگ میں متفقہ طور پر فیصلہ لیا کہ ڈپٹی کمشنر کپواڑہ زمین کی نشاندہی کرنے اور زمین کو محکمہ صحت اور طبی تعلیم کے حق میں منتقل کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات کریں گے تا کہ عوامی اہمیت کے اس مسئلے کو جلد از جلد حل کیا جائے ۔