سکینہ اِیتو نے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں اورایس ایم جی ایس شالامار ہسپتال کا دورہ کیا

بدھل کے مریضوں کی خیریت و عافیت دریافت کی

جموں / /وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ ایتو نے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں اور ایس ایم جی ایس ہسپتال شالامار کا دورہ کیا اور راجوری ضلع کے بدھل گاؤں کے مریضوں کی صحت اور خیریت و عافیت کے بارے میں دریافت کیا۔اِس موقعہ پر رُکن قانون ساز اسمبلی بانہال سجاد شاہین،پرنسپل جی ایم سی جموں، دونوں ہسپتالوں کے میڈیکل سپراِنٹنڈنٹوں اور دیگر متعلقہ طبی پیشہ ور اَفراد بھی موجود تھے۔سکینہ اِیتو نے اَپنے دورے کے دوران بدھل کے مریضوں سے بات چیت کی اور اُنہیں حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد اور تعاون کا یقین دِلایا۔ اُنہوں نے متاثرہ کنبوںکو یقین دِلایا کہ سانحہ کی وجوہات کا تعین کرنے کے لئے تفصیلی تحقیقات جاری ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ صحت، محکمہ پولیس اور ضلعی اِنتظامیہ اس سانحے کی اصل وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے چوبیس گھنٹے انتھک محنت کر رہے ہیں۔وزیرموصوفہ نے اِن مریضوں کے جاری علاج معالجے کاجائزہ لیتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ سے کہا کہ وہ باقاعدگی سے ان کی صحت کی صورتحال پر مستقل طور پر نظر رکھیں۔ اُنہوں نے ہدایت دی کہ ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس کی مسلسل مانیٹرنگ کے لئے وافر تعداد میں دستیاب رہیں۔ اُنہوں نے ان سے یہ بھی کہا کہ وہ وزارت کو ان مریضوں کی خیریت و عافیت کے بارے میں اَپ ڈیٹ رکھیں۔