کہا، عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت دیہی علاقوں میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پُر عزم ہے
کولگام//وزیر برائے صحت وطبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے آج ضلع کولگام کے ڈِی ایچ پورہ کے کھل گاؤں میں نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سینٹر (این ٹی پی ایچ سی) اور شیپ ایکسٹینشن سینٹرکا اِفتتاح کیا۔نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سینٹر (این ٹی پی ایچ سی) کا قیام 1.88 کروڑ روپے کی لاگت سے عمل میں لایا گیا ہے جس کا مقصد کھل اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو بہتر صحت سہولیات فراہم کرنا ہے۔آر اینڈ بی ڈیپارٹمنٹ نے شیپ ایکسٹینشن سینٹر 40.62 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا ہے ۔مویشیوں کے معمول کے علاج، چھوٹے آپریشنز، توسیعی سرگرمیاںاوربیداری سرگرمیوں میں معاونت فراہم کرے گا۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے ایک بڑے عوامی اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت تمام دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت جموںوکشمیر یوٹی پسماندہ اور دُور دراز علاقوں پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے ہمہ جہت ترقی کیلئے سرگرم عمل ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ نیا این ٹی پی ایچ سی علاقے کے لوگوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کلیدی رول اَدا کرے گا۔سکینہ اِیتو نے کہا کہ حکومت ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کر رہی ہے اور لوگوں سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیاکہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت جموں و کشمیر کے تمام خطوں کی جامع ترقی کے لئے کوشاں ہے۔بعد میں وزیرموصوفہ نے مختلف عوامی وفود اور اَفراد سے بھی بات چیت کی اور اُن کے مسائل اور شکایات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ اُن کے جائز مسائل کا فوری اَزالہ کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام اطہر عامر خان، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، زراعت و صحت محکمہ کے اعلیٰ اَفسران اور ضلع اِنتظامیہ کے دیگراَفسران بھی تھے۔










