سکینہ اِیتو نے ڈِسٹرکٹ ہسپتال کولگام کا اچانک معائینہ کیا اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا

ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے پر تین ڈاکٹروں کو معطل کیا

کولگام//وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتونے ڈِسٹرکٹ ہسپتال کولگام کا اچانک معائینہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی خدمات کا موقعہ پرہی جائزہ لیا۔وزیرموصوفہ نے معائینے کے دوران ہسپتال کے مختلف حصوں بشمول ایمرجنسی یونٹ، سرجیکل وارڈ، جنرل وارڈوں اور دیگر سہولیات کا جائزہ کیا۔ اُنہوں نے ہسپتال عملے سے بھی بات چیت کی اور ان سے ہسپتال میں لوگوںکو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں تفصیلی جانکاری حاصل کی۔اُنہوںنے ہسپتال کے متعدد مسائل کاجائزہ لیا اور عملے کو یقین دِلایا کہ عملے کی سطح کو بہتر بنا کر اور لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے طبی پیشہ ور اَفراد کی دستیابی کو یقینی بنا کر اِس ہسپتال میں سہولیات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔وزیرسکینہ اِیتو نے معائینے کے دوران تین ڈاکٹروں کو ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا اور تفویض کردہ فرائض میں کوتاہی برتنے پر اُنہیں فوری طور پر معطل کردیا۔اُنہوں نے ڈاکٹروں کے اِس غیر ذمہ دارانہ اور غیر پیشہ ورانہ روئیے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ غیر حاضری اور فرائض سے غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ صحت عملہ بالخصوص ڈاکٹروں کو مریضوں کی فلاح و بہبود کے لئے اَپنی وابستگی کو برقرار رکھنا چاہیے اور اَپنی پیشہ ورانہ ذِمہ داریوں پر عمل کرنا چاہیے۔وزیر صحت نے دورے کے دوران مریضوں اور اُن کے تیمارداروں سے بھی بات چیت کی۔ اُنہوں نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی نگہداشت کی سہولیات کی صورتحال کے بارے میں ان سے موقعہ پر ہی رائے لی۔اُنہوں نے ہسپتال میں عوام سے بات چیت کے دوران اِس بات پر زور دیا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت لوگوںکوعالمی معیار کی صحت خدمات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے اُنہیں یقین دِلایا کہ اس ہسپتال میں طبی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ لوگ علاج و معالجہ کے لئے باہر جانے پر مجبور نہ ہوں۔