مستحقین میں ٹرائی سائیکلیں اور سماعت کے آلات تقسیم کئے
شوپیان//وزیربرائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے ضلع شوپیاں کا دورہ کیا اور ضلع بھر میں مجموعی ترقیاتی منظرنامے اور فلاحی سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دورانِ میٹنگ وزیر موصوفہ نے شیخ ٹرینز برج، پولی تکنیک کالج، جی ڈی سی زینہ پورہ، ٹرانزٹ اَقامتی سہولیات، اِنڈسٹریل اسٹیٹ اگلر، اِنڈسٹریل اسٹیٹ ٹرینز، ڈِسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس، پی آر آئی رہائش، ڈِسٹرکٹ ہسپتال شوپیاں میں 50 بستروں پر مشتمل کریٹیکل کیئر بلاک اور اسی طرح کے دیگر منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔میٹنگ میں ایم ایل اے شوپیاں شبیر احمد کلے، ایم ایل اے زینہ پورہ شوکت حسین گنائی، ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں محمد شاہد سلیم ڈار، ڈائریکٹر سکولی تعلیم کشمیر ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، ڈائریکٹر کالجز جموں و کشمیر، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کشمیر، مختلف محکموں کے ضلعی اور سیکٹورل افسران بھی موجود تھے۔ میٹنگ میں سکینہ اِیتو نے اَفسروں سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے تمام شراکت داروںکی جانب سے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ معیار اور دیرپایت کو ترجیح دیتے ہوئے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے فلاحی سکیموں کی مؤثر عمل آوری کے لئے سرکاری محکموں کے درمیان کوآرڈی نیشن کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔اُنہوںنے افسروں سے کہاکہ وہ مختلف بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں بالخصوص سڑک رابطہ، صحت سہولیات اور دیہی ترقی کے شعبوں کی تکمیل میں تیزی لائیں جو ضلع کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے اہم ہیں۔وزیر موصوفہ نے اَفسروں پر زور دیا کہ وہ عوام کو ہر سطح پر سہولیت فراہم کریں اور عوام الناس سے متعلق شکایات اور مسائل سے نمٹنے کے لئے مناسب کوششیں کریں۔اُنہوں نے کہا،’’لوگوں کے ساتھ رابطے کو مضبوط بنائیں اور لوگوں کے مسائل کے لئے جوابدہ بنیں۔‘‘اُنہوں نے پاور سیکٹر کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ آئندہ موسم سرما کے پیش نظر بجلی کی کم سے کم کٹوتی کے ساتھ بجلی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے ٹرانسفارمر کے نقصانات کو کم سے کم کرنے اور خراب ٹرانسفارمروںکی فوری بحالی کے لئے کوششیں شروع کرنے کی بھی ہدایت دی۔دورانِ میٹنگ سکینہ اِیتو نے سردیوںکے لئے راشن کی فراہمی ، پانی کی فراہمی اور دیگر ضروری خدمات کی فراہمی پر بھی زور دیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ سردیوں کے پیش نظر بالخصوص دیہی علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی مناسب ذخیرہ کو یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں پر زور دیا کہ وہ ضلع میںکیڑے مار اَدویات او رکھادوں کے کوالٹی کنٹرول پر کڑی نظر رکھیں کیو ں کہ یہ جگہ معیاری سیب کی پیداوار کے لئے مشہور ہے۔وزیر موصوفہ نے ضلعی اِنتظامیہ سے برف صاف کرنے اور موسم سرما میں کمی کے دیگر اَقدامات کے لئے اَفراد قوت اور مشینری کو متحرک کرنے کو بھی کہا۔اُنہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ برفباری کے دوران کسی بھی قسم کی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مشینری کو اہم مقامات اورسڑکوں کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں کے قریب رکھیں۔دورانِ میٹنگ ایم ایل اے شوپیاں شبیر احمد کلے نے اَپنے متعلقہ حلقے سے متعلق کئی مسائل کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے ضلع میں ترقی کو فروغ دینے کے لئے ضلعی اِنتظامیہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ایم ایل اے زینہ پورہ شوکت حسین گنائی نے شعبہ صحت، سکولی تعلیم اور سماجی بہبود کے شعبوں میں زینہ پورہ حلقے میں بنیادی ڈھانچے اور آلات کی اَپ گریڈیشن اور اَفرادی قوت کی فراہمی کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔میٹنگ کے شروعات میں ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں نے ضلع کی مجموعی ترقی کا خاکہ پیش کیا اور ضلع میں زیر تکمیل مختلف فلیگ شپ منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے وزیرموصوفہ کے سامنے صحت ، سماجی بہبود ، اعلیٰ اور سکولی تعلیم ، آر ڈی ڈی ، آر اینڈ بی ، جل شکتی ، آبپاشی ، وائی ایس اینڈ ایس ، لیبر ، پاور ، پی ایم جی ایس وائی اور دیگر شعبوں کی محکمے اور سکیم کے لحاظ سے پیش رفت بھی پیش کیا۔دریں اثنا ،سکینہ اِیتو نے محکمہ سماجی بہبود کی مصنوعی امداد کی تقسیم کی اور تقریب کا بھی اِفتتاح کیا۔ اُنہوں نے معاشرے میں ان کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے مستحقین میں ٹرائی سائیکلیںاور سماعت کے آلات تقسیم کئے۔بعد میں وزیر سکینہ اِیتو نے ڈِسٹرکٹ ہسپتال شوپیاں کا بھی معائینہ کیا او رہسپتال میں دستیاب صحت سہولیات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے ہسپتال اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ضلع کے لوگوں کے لئے بہترین ممکنہ صحت خدمات کو یقینی بنائے۔اُنہوںنے وہاں عوام سے بھی اِستفساری گفتگو کی اور ان کی شکایات سنیں۔ اُنہوں نے اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کی جانب سے اُٹھائے گئے مسائل پر فوری کارروائی کی جائے گی۔










