ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعلیم نے این اِی پی ۔2020کو عملا نے کے حوالے سے اِستفسارکیا
جموں//جموں وکشمیر میں نیشنل ایجوکیشن پالیسی۔ 2020 کو عملایا جا رہا ہے اور اِس سلسلے میں درپیش چیلنجوںسے نمٹنے کے لئے تمام متعلقین سے رائے طلب کی جارہی ہے۔ اِن باتوں کا اِظہار فائنانشل کمشنر و ایڈیشنل چیف سیکرٹری سکولی تعلیم اور اعلیٰ تعلیم محکمے شانت منو نے آج وومنز کالج سری نگر میں’’ ریڈی جنریشن ۔ٹرانسفارمنگ ایجوکیشن فار اے فیوچر‘‘ عنوان کے تحت یک روزہ کانفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم’’ ریڈی جنریشن ۔ٹرانسفارمنگ ایجوکیشن فار اے فیوچر‘‘ کی بات کرتے ہیں تو لازمی ہے کہ ہم سب مل کر ایک ساتھ کام کریں تاکہ مثبت نتائج سامنے آجائیں۔اُنہوںنے کہا کہ اس میں تمام سرکاری اِداروں، غیر سرکاری تنظیموں اور دیگر متعلقین اور ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم دیکھیں کہ ٹرانسفارمنگ ایجوکیشن کے سلسلے میں اب تک کیا کِیا گیا ہے اور مستقبل میں مزید کیا کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیوں کہ یہ تمام چیزیں حقیقی زندگی میں ہر قدم پر کام آجاتی ہیں۔کانفرنس کے دوران ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے نیشنل ایجوکیشن پالیسی۔ 2020 کو عملانے کے حوالے سے ہو رہی پیش رفت کا خلاصہ کیا۔ اُنہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ آنے والے سیشن کے دوران این اِی پی۔2020کو عملانے کے سلسلے میں تمام اَقدامات کئے جائیں گے اور تدریسی عملہ،سکولی سربراہان اور طلباء کو اِس سلسلے میں پیش آنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مختلف ٹولز کو اَپنانے کے حوالے سے باخبر کیا جائے گا۔کانفرنس میں وادی کے نامور ماہر نفسیات ڈاکٹر مشتاق مرغوب نے بھی اَپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ اس دوران ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر کی طرف سے اکیڈیمک پلانربھی اِجراء کیا گیا۔کانفرنس میں ٹرانسفارمنگ ایجوکیشن عنوان پر ایک پینل ڈسکشن کا بھی اِنعقاد ہوا جس میں بی ایڈکالج کی پرنسپل پروفیسر سیما ناز نے حصہ لیا۔ کانفرنس میں صوبہ کشمیر کے تمام سی اِی اوز ،ہائیر سیکنڈری سکولوں کے پرنسپلوں اور کئی رضاکار تنظیموں کے ذمہ دارن موجود تھے۔ کانفرنس کے دوران اُن طالب علموں اور دیگر افراد کی عزت افزائی کی گئی جنہوں نے تعلیم کے مختلف شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔










