ٹیکس دہندگان پر زوردیا گیا کہ وہ منصفانہ تجارتی طریقوں پر عمل کریں
جموں // سٹیٹ ٹیکسز ڈیپارٹمنٹ جموںوکشمیر نے آئی ٹی سی عدم مماثلت، بی ٹو سی بلوں کی ری سائیکلنگ اور جی ایس ٹی کی دیگر خلاف ورزیوں کو روکنے کی مہم کو جاری رکھتے ہوئے صوبہ جموں کے مختلف اَضلاع میں اَپنی جانچ اورانفورسمنٹ مہم تیز کردی ہے۔سٹیٹ ٹیکسز ڈیپارٹمنٹ کے اَفسران نے بتایا کہ محکمہ نے بزنس اِنٹلی جنس اینڈ فراڈ اینالٹکس (بی آئی ایف اے)، ای وے بلز پورٹل، ایس آئی یو اور اَنفورسمنٹ وِنگوں کے دیگر اجزأ سمیت مختلف آرٹیفیشل اِنٹلی جنس ٹولز سے حاصل کردہ معلومات کی بنیاد پر سٹیٹ ٹیکس افسران (ایس ٹی اوز) کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جنہیں معائینے کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔ایس ٹی ڈی آفیسر نے بتایا کہ اِن ٹیموں نے سات مختلف مقامات کا دورہ کیا اور دستاویزات ، فزیکل سٹاک پوزیشن ، بل بک وغیرہ کی تصدیق کرکے جی ایس ٹی قانون کے تحت خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرنے کے لئے بیک وقت مختلف کاروباری مقامات کا معائینہ کیا۔یہ معائینہ کمشنر سٹیٹ ٹیکسز جموں و کشمیر پی کے بھٹ کی رہنمائی میں اور ایڈیشنل کمشنر اَنفورسمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن جموں نمرتا ڈوگرہ کی نگرانی میں کیا گیا۔ایک آفیسرنے بتایا ،’’ سات مختلف مقامات پرفی الحال معائینہ کیا گیا ہے جو بدھ کو شروع ہوا اور جمعرات کو بھی جاری رہا۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ ٹیموں نے بالخصوص ان ڈیلروںکو نشانہ بنایا جو بی ٹو سی انوائسز کو بی ٹو بی انوائسز میں ری سائیکل کرنے میں مصروف پائے گئے اور اِس طرح آئی ٹی سی دوسرے ڈیلروں اور کنٹریکٹروں کو منتقل ہوگئے۔ آئی ٹی سی کا اِستعمال نقد ادائیگی کے بجائے جی ایس ٹی آؤٹ پٹ ٹیکس کو طے کرنے کے لئے کیا جارہا تھا جس کے نتیجے میں نقد ی کم ہوتا ہے۔سٹیٹ ٹیکسز ڈیپارٹمنٹ نے ڈیلروںپر زور دیا کہ وہ منصفانہ تجارتی طریقوں پر عمل کریں اور ٹیکس چوری کی سرگرمیوں یا جعلی آئی ٹی سی میں شامل دھوکہ دہی کے طریقوں میں ملوث ہونے سے گریز کریں۔مزید برآں، محکمہ نے تمام ٹیکس دہندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ انوائس پر مبنی کاروبار کریں اور اَپنی اصل فروخت کی اطلاع دیں اور نافذ کرنے والے اقدامات اورجُرمانے سے بچنے کے لئے اَپنے ماہانہ اورسہ ماہی ریٹرن میں جی ایس ٹی کی ضروری رقم اَدا کریں۔










