جموں//سٹیٹی ٹیکسز ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ جموں کے مختلف جگہوں میں اِنسپکشن اور اَنفورسمنٹ مہم چلا کر جعلی اِن پُٹ ٹیکس کریڈٹ ( آئی ٹی سی ) کو روکنے کے لئے سخت اَقدامات اُٹھائے ہیں۔ٹیموں نے بالخصوص اُن ڈیلروں کو نشانہ بنایا جو بی ٹو سی انوائسز کو بی ٹو بی انوائسز میں ری سائیکل کرنے میں مصروف پائے گئے اور اِس طرح آئی ٹی سی کو دوسرے ڈیلروں اور کنٹریکٹروں کو منتقل کیا گیا۔ آئی ٹی سی کا اِستعمال نقد ادائیگی کے بجائے جی ایس ٹی آؤٹ پٹ ٹیکس کو طے کرنے کے لئے کیا جارہا تھا۔محکمہ نے یہ مہم کمشنر سٹیٹ ٹیکسز جموں و کشمیر پی کے بھٹ کی رہنمائی اور ایڈیشنل کمشنر اَنفورسمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن جموں نمرتا ڈوگرہ کی نگرانی میں چلائی۔ ٹیموں نے بداِنتظامی کی تحقیقات کے لئے مختلف کاروباری مراکز کا دورہ کیا۔سٹیٹ ٹیکسز ڈیپارٹمنٹ نے ڈیلروں پر زور دیا کہ وہ منصفانہ تجارتی طریقوں پر عمل کریں اور ٹیکس چوری کی سرگرمیوں یا جعلی آئی ٹی سی میں شامل دھوکہ دہی کے طریقوں میں ملوث ہونے سے گریز کریں۔مزید برآں، محکمہ نے تمام ٹیکس دہندگان سے اپیل کی کہ وہ اپنی اصل فروخت کی اطلاع دیں اور اَپنے ماہانہ اور سہ ماہی ریٹرن میں جی ایس ٹی کی ضروری رقم اَدا کریں تاکہ نفاذ کی کارروائیوں اور جرمانوں سے بچا سکیں۔










