Record improvement in night temperature after fresh snowfall in upper regions

سونہ مرگ ، گریز اور مژ ھل سمیت وادی کے کچھ بالائی علاقوں میں تازہ برفباری

سرینگر // مشہور سیاحتی مقام سونہ مرگ ، گریز اور مژ ھل سمیت وادی کے کچھ بالائی علاقوں میں تازہ برفباری اور کچھ ایک میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کے بعد گلمرگ کو چھوڑ کر شبانہ درجہ حرارت میں کافی بہتری دیکھنے کو ملی ۔ تازہ برفباری اور بارشوں کے بعد وادی کشمیر میں سردی کی لہر میں اضافہ درج کیا گیا جبکہ گریز بانڈی پورہ اور سرینگر لہہ شاہراہ سمیت دیگر کچھ بالائی علاقوں کا رابطہ عارضی طو رپر بند ہو گیا ہے ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے اگلے 24گھنٹوں تک ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا کہ 4 دسمبر سے 7دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک تاہم ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔سی این آئی کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق سوموار اور منگلو ار کی درمیانی رات سے ہی موسمی صورتحال میں تبدیلی آئی جس کے ساتھ ہی پیر پنچال کے آر پار پہاڑی علاقوں میںرواں موسم کی تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ ٹنل کے آر پار پہاڑی علاقوں خاص طور پر شہر ہ آفاق گلمرگ ، سونہ مرگ ، گریز ، مژھل اور دیگر بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی ۔ ماہر موسمیات کے مطابق گریز اور ضلع بانڈی پورہ کے دیگر بالائی علاقوں، کپواڑہ کے مژھل اور شمالی کشمیر کے دیگر اونچی علاقوں سے رات بھر ہلکی برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج سے 7 دسمبر تک زیادہ تر موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمزور مغربی ہوا 7 دسمبر سے 13 دسمبر کے درمیان جموں و کشمیر کو متاثر کر سکتا ہے جس دوران بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری اور وادی کے کچھ میدانی علاقوں میں بارش کا سبب بن سکتا ہے۔اسی دوران انہوں نے کہا کہ برفباری اور بارشوں کے بعد سوموار اور منگل کی درمیانی رات کے دوران وادی کشمیر کے تمام موسمی مراکز پر معمول سے زیادہ درج کی گئی تھی۔ تاہم وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری کے بعد سردی کی شدت برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ سرینگر میں رات کے درجہ حرارت میں مزید بہتری آئی اور یہ منفی 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ پر طے پایا ۔ اسی طرح سے شہرہ ٓفاق گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت میں معمولی بہتری کے باوجود سرد ترین مقام کے طور پر ابھرا، جو سوموار کو منفی 2.9 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں منفی 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔انہوں نے مزید کہا کہ گلمرگ میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1.2 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔اسی طرح سے قاضی گنڈ میں منگل کو کم سے کم 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جبکہ ایک دن پہلے منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ تھاجبکہ پہلگام میں بھی کم از کم درجہ حرارت میں بہتری آئی اور منفی 2.3 ڈگری سیلشس کے مقابلے میں منفی 1.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اسی دوران وادی کشمیر سے ملانے والے زوجیلا پاس پر پھسلن اور برفباری کی وجہ سے سونہ مرگ کرگل سڑک کو عارضی طور پر گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے جبکہ گریز بانڈی پورہ شاہراہ بھی احتیاطی طور پر بند کر دی گی ۔