حج 2024: منیٰ میں خیمہ بستی آباد کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں
سرینگر// سعودی وزارت صحت نے عازمین حج کو خاص ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آپ اس سال حج کا ارادہ رکھتے ہیں تو اپنے اور دیگر عازمین کے بچاؤ کیلئے ویکسین لگوانے کا اہتمام کریں تاکہ آپ اور اطراف میں موجود عازمین صحت مند رہیں۔اسی دوران فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے عازمین کی سعودی عرب آمد شروع ہو چکی ہے جن کیلئے منی میں خیمہ بستی آباد کرنے کی تیاریاں بھی آخری مراحل میں ہے۔ سی این آئی کے مطاق سعودی خبر رساں ادارے سبق ویب کی رپورٹ کے مطابق وزارت صحت نے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پیغام جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اگر آپ حج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ’صحتی ایپ‘ پر ویکسین لگوانے کے لیے دن، تاریخ اور ٹائم کی بکنگ کرالیں۔وزارت صحت کے مطابق حج 2024 کیلئے داخلی عازمین کو کووڈ 19 ویکسین کی ایک خوراک، انفلوائنزا ویکسین کی ایک خوراک اور اگر پانچ سال کے دوران گردن توڑ بخار کی ویکسین نہیں لی تو اس کی ایک خوراک ضروری ہوگی۔ یہ تمام ویکسین لینے کے بعد صحتی ایپ پر اسٹیٹس اپ ڈیٹ ہوجائے گا۔وزارت صحت کے مطابق اس سال اندرون مملکت سے حج کرنے کے خواہشمند افرادکیلئے ویکسین لینا ضروری ہیں۔ادھر فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے عازمین کی سعودی عرب آمد شروع ہو چکی ہے جن کے لیے منی میں خیمہ بستی آباد کرنے کی تیاریاں بھی آخری مراحل میں ہیں۔فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے ہر سال لاکھوں عازمین حجاز مقدس آتے ہیں اور امسال بھی ان کی سعودی عرب آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جب کہ سعودی وزارت حج عازمین کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے کئی اقدامات کر رہی ہے۔وزارت حج کی جانب سے مشاعر مقدسہ (منیٰ، مزدلفہ اور عرفات) میں حجاج کرام کے استقبال کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔وادی منی جو مسجد الحرام سے سات کلومیٹر دور شمال مشرقی سمت واقع ہے اور وادی کے شمالی اور جنوبی سمت پہاڑ ہیں یہاں حجاج کرام کے لیے قائم کی جانے والی طویل خیمہ بستی بھی مکمل ہے اور اس کو آباد کرنے کے لیے بھی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔










