دہشت گردی سے جْڑی مبینہ طور غیرقانونی آمدنی سے حاصل کی گئی جائیداد ضبط
سرینگر/وی او آئی//جموں و کشمیر پولیس نے ہفتے کو سرینگر کے خانیار علاقے میں ایک رہائشی جائیداد کو ضبط کر لیا جس کے بارے میں دعویٰ ہے کہ وہ دہشت گرد سرگرمیوں سے منسلک غیر قانونی آمدنی سے حاصل کی گئی تھی۔پولیس کے مطابق، یہ کارروائی غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق قانون (یو اے پی اے) کے تحت خانیار تھانے میں درج ایک ایف آئی آر کی بنیاد پر کی گئی۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردی کے نیٹ ورک کو توڑنے اور اس کے معاون ڈھانچے کو ختم کرنے کے لیے سرینگر پولیس نے میر مسجد محلہ، شالہ باغ خانیار میں واقع ایک رہائشی مکان اور اس سے منسلک زمین کو ضبط کیا ہے، جس کی مالیت تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔یہ جائیداد محمد یوسف شاہ کے نام پر رجسٹرڈ ہے اور اس وقت ان کے بیٹے مسعود حسین شاہ کے قبضے میں ہے۔پولیس تحقیقات سے یہ ثابت ہوا ہے کہ مذکورہ جائیداد دہشت گرد سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی غیرقانونی آمدنی سے خریدی گئی تھی۔پولیس کے مطابق قانونی ضابطے کی تکمیل کے بعد یہ جائیداد باقاعدہ طور پر ضبط کر لی گئی ہے۔ ساتھ ہی مالکان کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ اس جائیداد کو فروخت، کرایے پر دینے یا کسی بھی صورت میں منتقل کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔پولیس ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس دہشت گرد تنظیموں کے مالی ڈھانچے کو نشانہ بنا کر قومی سلامتی اور سالمیت کے خلاف سرگرمیوں کو روکنے کے لیے پرعزم ہے۔










