سونہ مرگ کو موسم سرما کے پُرکشش سیاحتی مقام کے طور پر قائم کرنے کی نئی پہل
گاندربل//سرمائی کھیلوں کے لئے ایک تاریخی پیش رفت کے طور پر سونہ مرگ کے برف سے ڈھکے اور خوبصورت مقام نےاَپنے اِفتتاحی سکیئنگ ٹریننگ کورس کی میزبانی کی۔وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ، اَمورِ نوجوان و کھیل کود ، ٹرانسپورٹ ستیش شرما نے پروگرام کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل جِتن کشور، ڈائریکٹر جنرل اَمورِ نوجوان و کھیل کود راجندر سنگھ ، اے ڈِی سی گاندربل گلزار احمد ، جوائنٹ ڈائریکٹر کشمیر اَمورِ نوجوان و کھیل کود محمد راشد کوہلی موجود تھے۔یہ اوّلین پہل صوبہ کشمیر کے مختلف تعلیمی اِداروں کے سکولی بچوں کو سکیئنگ سے متعارف کرتی ہے۔ستیش شرما نے اَپنے خطاب میں سونہ مرگ کی قدرتی کشش کی تعریف کرتے ہوئے اسے سرمائی کھیلوں کو متعارف کرنے کے لئے موزوں ایک شاندار مقام قرار دیا۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ایسے مواقع تلاش کرنے سے نہ صرف مقامی ثقافتی ماحول کو فروغ ملے گا بلکہ سیاحت کوبھی تقویت ملی گی۔اُنہوںنے اِس بات کو یقینی بنانے کے عزم کا اِظہار کیا کہ خواہشمند ایتھلیٹس کو بین الاقوامی معیار پر پورا اۃترنے والی سکیئنگ کی تربیت حاصل ہو اور اِنتہائی پیشہ ورانہ اَنداز کے ساتھ فراہم کی جائے۔وزیر موصوف نے سکیئنگ کورس کے اِفتتاح کو ایک مبارک آغاز قرار دیتے ہوئے اسے سونہ مرگ کو موسم سرما کے اہم مقام میں تبدیل کرنے کے لئے لانچ پیڈ کے طور پر پیش کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی ہدایات کے مطابق محکمہ سونہ مرگ میںسرمائی کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں میں بین الاقوامی سطح پر پروان چڑھنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت سونہ مرگ کی حیثیت کو اگلے درجے تک بڑھانے کے لئے جدید ترین بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کرے گی۔ستیش شرما نے کہا کہ محکمہ کھیل اور ضلع اِنتظامیہ گاندربل سونہ مرگ میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیرکے لئے منصوبہ بندی کریں گے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ ایونٹ ہربرس فروری کے مہینے میں منعقد کیا جائے گا اور اسے ایک سالانہ تقریب بنا دیا جائے گا۔اُنہوں نے نوجوانوں کی ترقی میں کھیلوں کے رول کو تسلیم کرتے ہوئے منشیات کے اِستعمال سے نمٹنے اور ذہنی صحت کو بڑھانے میں اِس کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ سونہ مرگ میں جلد ہی ایک سرمائی کارنیول کا اِنعقاد کیا جائے گا جس میں ثقافتی پروگرام اور سرمائی کھیلوں کی مختلف سرگرمیاں شامل ہوں گی تاکہ سونہ مرگ کی موسم سرما کے دِلکش نظاروں کو ظاہر کیا جاسکے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل جِتن کشور نے اَپنے خطاب میں سکیئنگ جیسے عالمی شہرت یافتہ کھیل کی تربیت متعارف کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ اَقدام علاقے میں سرمائی سیاحت کو فروغ دینے کا باعث بنے گا جس سے مقامی کمیونٹی کے لئے ایک تبدیلی کا موقع فراہم ہوگا۔ڈائرٰکٹر جنرل اَمورِ نوجوان و کھیل کود نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے اِس بات کا اعادہ کیا کہ سونہ مرگ میں سکیئنگ تربیت کا آغاز وزیر اعلیٰ کے ذہنی اِختراع ہے ۔اُنہوں نے وزیر موصوف پر زور دیا کہ وہ ضروری بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی کوششوں کا سپورٹ کریںاور اس طرح اس بات کو یقینی بنائیں کہ اِس طرح کے پروگرام سونہ مرگ میں ایک باقاعدہ خصوصیت بن جائیں جیسا کہ گلمرگ میں قائم ماڈل ہے۔تقریب کا اختتام پر جوائنٹ ڈائریکٹر کشمیراَمورنوجوان و کھیل کودنے شکریہ کی تحریک پیش کی۔ تقریب کی ثقافتی رونق بڑھاتے ہوئے مقامی فوک گلوکار انجم مظفر نے گوجری نغمے پیش کئے اور جس سے سامعین و حاضرین محظوظ ہوئے ۔ مزید برآں ، محکمہ اَمورنوجوان و کھیل کود کے ملازمین کی طرف سے برف پر مبنی سرگرمیا ں منعقد کی گئیں۔










