آئی ڈِی پی ایس جموں میں کمبیٹ اکیڈیمی اور سپلیش پول کا بھی کیا اِفتتاح
جموں//وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ، ٹرانسپورٹ ، اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے آئی ڈِی پی ایس جموں میں اِنٹر سکول بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا اِفتتاح کیا جو جموں سہودیہ سکولز کمپلیکس کی سرپرستی میں منعقد ہوا۔اِس دور روزہ ایونٹ میں خطے کے 20 سی بی ایس اِی سکولوں کے مختلف کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ستیش شرما نے آئی ڈِی پی ایس کمبیٹ اکیڈمی فار مارشل آرٹس اور پرائمری وِنگ کے لئے سپلیش پول کا بھی اِفتتاح کیا جو طلبأمیں صحت ، فِٹنس اور تندرستی کو فروغ دینے کے لئے سکول کے عزم میں ایک اہم سنگ میل ہے۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے اَپنے خیالات کا اِظہارکرتے ہوئے مختلف سکولوں سے شرکت کرنے والی ٹیموں کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا اور کہا کہ یہ ایونٹ نہ صرف ٹیلنٹ، سپورٹس مین شپ اور لگن کی تقریب ہے بلکہ یہ نوجوان ذہنوں میں اتحاد اور دوستی کے جذبے کو بھی پروان چڑھاتا ہے۔اُنہوں نے تمام شرکأ کو جوش و جذبے او ر سپورٹس مین شپ کے ساتھ کھیلیںاورنہ صرف جیت کے لئے جدوجہد کریں بلکہ صحت مند مسابقت اور باہمی احترام کے جذبے کا جشن بھی منائیں۔ستیش شرما نے نوجوان رہنمائوں کی تشکیل اور متوازن تعلیم کے لئے کھیلوں کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور کہا کھیلوں میں قوموں کو متحد اور لوگوں کو متاثر کرنے کی طاقت ہے۔اُنہوں نے تعلیمی میدان میں سکول کی خدمات کو سراہا اور جموں وکشمیر میں اس کے نمایاں اَفراد کی تربیت میں اہم کردار کو تسلیم کیا۔










