سری نگر// سبارڈنیٹ لیجسلیشن کمیٹی نے سری نگر کے اسمبلی کمپلیکس میں ایک اہم میٹنگ منعقد کی جس میں محکمہ مال کے دائرہ کار میں آنے والے قواعد و ضوابط کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین حسنین مسعودی نے کی اور اِس میں ممبران ریاض احمد خان، شبیر احمد کلے، ستیش کمار شرما، کلدیپ راج دوبے، راجیو کمار، عرفان حفیظ لون اور ڈاکٹر رمیشور سنگھ نے شرکت کی۔ میٹنگ کے شروعات میں کمیٹی نے محکمہ مال کی طرف سے بنائے گئے مختلف قواعد، ضمنی قواعد و ضوابط اور بائی لاز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمیٹی نے زمینی قوانین بالخصوص زرعی زمین کو غیر زرعی مقاصد کے لئے تبدیل کرنے کے دوران ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے سے متعلق قانونی نکات پر تفصیل سے غوروخوض کیا۔میٹنگ میں دیگر اہم معاملات جیسے مائیگرنٹ اور جنگلات سے متعلق قوانین، ایس آر او۔43 کے تحت ہمدردانہ تقرریوں کی دفعات اور بے زمین اَفراد کے لئے زمین کے معاوضے کے طریقہ کار پر بھی بحث و تمحیص کی گئی۔چیئرمین حسنین مسعودی نے زمین کے قوانین کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے اِنصاف اور برابری کو یقینی بنانے پر زور دیا اور عوامی فلاح و بہبود کے فروغ کے لئے کمیٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے اراکین پر زور دیا کہ وہ معاشرے کے تمام طبقات کی بہتری کے لئے تعمیری کردار اَدا کریں۔دورانِ میٹنگ اَراکین نے اَپنی قیمتی تجاویز پیش کیں اور کمیٹی کے دائرہ کار سے متعلق مختلف امور اُٹھائے اور ذیلی قانون سازی میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔










