جموں//ریشم گھر کالونی سے سابق کارپوریٹر راما کی سربراہی میں ایک وفد نے آج سول سیکرٹریٹ جموں میں وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا سے ملاقات کی ۔ وفود نے علاقے کے وارڈ نمبر 13 میں پانی کی فراہمی سے متعلق مختلف امور اٹھائے اور اس علاقے میں پانی کی فراہمی کو بڑھاوا دینے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی کے اوقات طلب کو پورا کرنے کیلئے ناکافی ہیں اس لئے پانی کی فراہمی کے اوقات میں اضافہ کیا جائے ۔ علاقے کی بڑھتی ہوئی آبادی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مسٹر راما نے علاقے میں پانی کی پریشانیوں کو کم کرنے کیلئے پائیدار اقدام کے طور پر ایک ٹیوب ویل کی تنصیب کی درخواست کی ۔ وزیر موصوف نے وفد کو غور سے سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت لوگوں کو درپیش پریشانیوں سے بخوبی واقف ہے اور جہاں بھی ضرورت ہو وہاں اصلاحی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ وزیر موصوف نے علاقے میں پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے موقع پر ہی چیف انجینئر پی ایچ ای کو ہدایات جاری کیں ۔ اسی طرح دوسرے وفود اور افراد نے وزیر سے ملاقات کی اور اپنے علاقوں کے مختلف ترقیاتی امور اٹھائے ۔ وزیر موصوف نے ان وفود کو یقین دلایا کہ ان کے جائیز مسائل اور مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا اور ان کے ازالہ کیلئے انہیں متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا ۔










