سری نگر//جموں وکشمیرسے تعلق رکھنے والے سابق ممبر قانون سازکونسل ترلوچن سنگھ وزیر کونئی دہلی کے ایک کرایہ فلیٹ میں قتل کرنے کاانکشاف ہوا ہے ،اورپولیس نے ٹی ایس وزیر کی نعش کاپوسٹ مارٹم کرنے کے بعد2 روپوش ملزمان کی تلاش بڑے پیمانے پرشروع کردی ہے اورفرارملزمان کی گرفتاری عمل میں لانے کیلئے دہلی پولیس نے کئی ٹیمیں تشکیل دیکر اُن کو2ٹیموں کوجموں اورامرتسرروانہ کردیاہے ۔کشمیرنیوزسروس کوملی تفصیلات کے مطابق دہلی پولیس نے جموں و کشمیر کے سابق ایم ایل سی ترلوچن سنگھ وزیر کے قتل کیس میں2روپوش ملزمان ہرپریت اور ہرمیت کو پکڑنے کے لئے تلاشی کارروائی بڑے پیمانے پر شروع کردی ہے۔دہلی پولیس کی مقامی ٹیم اور کرائم برانچ اسپیشل سیل معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ اسے کھولنے کے لیے کئی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔پولیس نے ملزمان کی تلاش کیلئے 2الگ الگ ٹیمیں جموں ، اور امرتسر بھیجی ہیں جبکہ سیگر ٹیمیں اس معاملے کی تحقیقات کیلئے دہلی میں ہیں۔دہلی پولیس نے ایک میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دیا جو وزیر کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرے گا۔دلی پولیس کے مطابق موتی نگرنئی دہلی میں واقع فلیٹ جہاں قتل ہوا تھا، جنوری میں کرائے پر لیا گیا تھا اور مالک مکان کو بتایا گیا تھا کہ اسے 10 ستمبر تک خالی کر دیا جائے گا۔دہلی پولیس کوابتدائی تفتیش سے پتہ چلا کہ قتل کی منصوبہ بندی جولائی میں کی گئی تھی لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔پولیس کے مطابق قتل کا محرک صرف اس وقت واضح ہوگا جب دونوں ملزمان ہرپریت سنگھ اور ہرمیت سنگھ کو گرفتار کیا جائے گا۔پولیس نے یہ بھی بتایا کہ دونوں ملزمان کے موبائل فون بدھ کی شام تک فعال تھے ، جو کال ڈیٹل ریکارڈ (سی ڈی آر) سے سامنے آئے لیکن اس کے بعد سے کوئی معلومات نہیں ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق اس قتل کیس میں مفرور ہرپریت سنگھ نے اپنے ایک قریبی دوست کو فون کر کے بتایا تھا کہ دو لوگوں نے وزیر کو رمیش نگر کے علاقے میں قتل کیا ۔پولیس نے کہا کہ جس شخص سے ہرپریت نے فون پر بات کی ،اس نے سابق ایم ایل سی ٹی ایس وزیر کے بھائی کو بتایا جو جموں و کشمیر کا ایک ریٹائرڈ پولیس افسر ہے اور اس نے پولیس کو اطلاع دی۔اس کے بعد ، پولیس نے فوری طور پر ہرپریت سنگھ اور ہرمیت سنگھ کی گرفتاری عمل میں لانے کیلئے سرچ آپریشن شروع کیا۔ اس کیس کا ایک ملزم ہرمیت سنگھ جموں میں مقتول ٹی ایس وزیر کے گھر کے قریب رہتا تھا۔پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ٹی ایس وزیر اپنی پوتی کی پیدائش کی خبر کے بعد کینیڈا جا رہا تھا۔پولیس نے بتایا کہ ہرپریت سنگھ جانتا تھا کہ ترلوچن سنگھ وزیر کو اپنے بیٹے اور نوزائیدہ پوتی سے ملنے کینیڈا جانا ہے۔روپوش ملزم ہرپریت سنگھ نے سابق ممبر قانون سازکونسل ترلوچن سنگھ وزیر سے ملاقات کی اور اپنا تعارف ایک صحافی کے طور پر کیا اور بتایا کہ وہ ایک اخبار اور ویب سائٹ چلاتا ہے جس کے قارئین کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ پولیس کے مطابق ، ہرپریت سنگھ ،ٹی ایس وزیر سے اس وقت ملا جب وہ جموں سے دہلی آیا۔ اُس نے ٹی ایس وزیر کو بتایا کہ وہ کینیڈا جانے والی فلائٹ میں سوار ہونے تک اپنے فلیٹ پر رہ سکتا ہے۔دہلی پولیس نے بتایا کہ ہرپریت سنگھ نے ٹی ایس وزیر کو ائیرپورٹ تک پہنچانے کی پیشکش بھی کی۔ دہلی سے فلائٹ میں سوار ہونے سے پہلے ، جموں وکشمیرسے تعلق رکھنے والے سابق ممبر قانون سازکونسل ترلوچن سنگھ وزیر نے اپنی بیوی کو ویڈیو کال کی تھی ، اس دوران ہرپریت بھی ٹی ایس وزیر کے ساتھ موجود تھا۔جمعرات کو دہلی پولیس نے ترلوچن سنگھ وزیر کی موت کے سلسلے میں قتل کا مقدمہ درج کیا جس کی سڑی ہوئی لاش دہلی کے بسائی درہ پور کے ایک فلیٹ سے ملی تھی۔










