روس کے مسلم اکثریتی شمالی قفقاز کے علاقے داغستان میں حکام نے خواتین کے نقاب پہننے پر عارضی طور پر پابندی عائد کر دی، یہ پابندی گزشتہ ماہ یہودی اور عیسائی عبادت گاہوں پر حملوں میں 22 افراد کی ہلاکت کے بعد لگائی گئی ہے۔
داغستان ایک روسی خطہ ہے جو مشرقی یورپ کے شمالی قفقاز میں واقع ہے، یہاں کی مسلم اکثریت جارجیا اور آذربائیجان کی سرحدوں پر واقع ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق داغستان میں علمائے کرام کی تنظیم (مفتیان) نے ٹیلی گرام میسنجر ایپ پر پوسٹ کیے گئے بیان میں کہا ’روس کی وزارت قومی پالیسی ومذہبی امور کی اپیل کے بعد خواتین کے نقاب پہننے پر عارضی پابندی عائد کررہے ہیں‘۔
23جون کو روس کے شمالی خطے میں عبادت گاہوں پر حملوں کی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ حملہ آوروں میں سے ایک نے نقاب پہن کر فرار ہونے کا منصوبہ بنایا تھا۔ داغستانی مسلمانوں کی نمائندگی کرنے والی ایک مذہبی تنظیم، مفتیان نے کہا کہ یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک اس حوالے سے خطرات ختم نہیں ہوجاتے۔ یاد رہے کہ 1991میں سوویت یونین کے خاتمے کے بعد خطے میں اسلامی احیا کے دوران داغستان میں نقاب کو مقبولیت حاصل ہوئی، حالانکہ داغستان میں بہت کم خواتین پورے چہرے پر نقاب پہنتی ہیں، تاہم اس خطے میں نقاب پہننا ایک عام سی بات ہے۔
البتہ، اس طرح کے نقاب پر یورپی یونین سمیت کئی ممالک میں پابندی عائد کی گئی ہے۔ 23جون کو داغستان میں نامعلوم افراد کی جانب سے یہودی اور عیسائی عبادت گاہوں کے علاوہ ایک ٹریفک پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں متعد پولیس اہلکاروں سمیت 22افراد ہلاک ہوگئے، جب کہ حملہ آوروں نے ڈربنٹ شہر میں ایک عبادت کو آگ لگادی تھی۔
حکام کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے داغستان کے شہر ماخچکالا اور ڈربنت میں بیک وقت حملے کیے جس کے نتیجے میں 12 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔
سیکورٹی فورسز نے کہا کہ انہوں نے دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے بعد جوابی حملے میں 5 حملہ آوروں کو ہلاک کیا تھا۔ اس سے قبل 22مارچ کو روس کے دارالحکومت ماسکو میں خودکار ہتھیاروں سے لیس 5حملہ آروں نے کنسرٹ ہال میں فائرنگ کر کے 40افراد کو ہلاک کردیا تھا، جب کہ حملے میں 100سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ حملے کی ذمہ داری شدت پسند اسلامک اسٹیٹ گروپ کی وسطی ایشیائی تنظیم نے قبول کی تھی، اس سلسلے میں روسی حکام نے متعدد تاجکستانی شہریوں کو حراست میں لیا تھا۔










