festival of colors

رنگوں کا تہوار جموں کشمیر میں بھی دھوم دھام سے منایا گیا

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ، وزیر اعلیٰ ، نائب وزیر اعلیٰ ، ڈاکٹر فاروق اور دیگر لیڈران کی عوام کو مبارکباد

سرینگر//ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میں بھی رنگوں کا تہوار ہولی مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ، ہولی کے دن پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، نائب وزیر اعلیٰ ،ڈاکٹر فاروق ، محبوبہ مفتی اور الطاف بخاری نے لوگوں کو مبارکبادی دی ہے۔ ادھر صدر دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی سمیت کئی رہنماوں نے عوام کو ہولی کی مبارکباد دی اور اتحاد و بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے کی اپیل کی۔ وائس آف انڈیا کے مطابق ملک کے دیگر حصوں کی طرح آج جموں کشمیر میں بھی ہولی کا تہوار بڑے ہی مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ،جہاں وادی کے مخصوص علاقوں میں ہولی منائی گئی وہیں جموں میں دھوم دھام سے ہولی مناگئی ہے ۔ ادھر وادی میں ناسازگار موسم کے باوجود بھی ہولی کا تہوار منایا گیا جبکہ فوجی اور فورسز کیمپوں میں بھی اہلکاروں نے ہولی منائی اور خوشی کااظہار کیا۔ ادھر ملک بھر میں آج رنگوں کا عظیم تہوار ہولی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی سمیت متعدد اہم رہنماوں نے عوام کو مبارکباد پیش کی اور محبت، بھائی چارے اور اتحاد کے پیغام کو عام کرنے کی اپیل کی۔ادھر صدر دروپدی مرمو نے ایکس پر لکھا، ’’رنگوں کے تہوار ہولی کے مقدس موقع پر تمام اہل وطن کو دلی مبارکباد۔ خوشی اور جوش کا یہ تہوار اتحاد، محبت اور ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے۔ یہ تہوار ہندوستان کی قیمتی ثقافتی وراثت کی علامت بھی ہے۔ آئیے، اس مبارک موقع پر ہم سب مل کر ہندوستان کی تمام اولادوں کی ترقی، خوشحالی اور مسرتوں کے رنگوں سے بھرپور زندگی کے لیے عزم کریں۔‘‘وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پر ہولی کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا تھا، ’’آپ سب کو ہولی کی بے شمار مبارکباد۔ خوشی اور جوش سے بھرپور یہ مقدس تہوار ہر شخص کی زندگی میں نئی امید اور توانائی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اہل وطن کے اتحاد کے رنگ کو مزید گہرا کرے، یہی میری دعا ہے۔‘‘نائب صدر جگدیپ دھنکڑ نے بھی ایکس پر اپنے پیغام میں کہا، ’’ہولی کے مقدس موقع پر دلی مبارکباد۔ یہ تہوار برائی پر اچھائی کی جیت اور بہار کی آمد کی علامت ہے، جو نئی شروعات اور نئے نقطہ نظر کی نشانی ہے۔ یہ تہوار ہمیں اپنے خیالات کو ہمدردی سے، اپنے اعمال کو رحم دلی سے اور اپنے وڑن کو اپنے عظیم ملک کے لیے امید سے رنگنے کی یاد دلاتا ہے۔‘‘کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ایکس پر لکھا، ’’ہولی، تنوع کا جشن ہے۔ یہ تہوار خوف، نفرت، حسد اور امتیازی سلوک کو ختم کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ہولی ہمیں رنگوں کی گوناگونی سے لطف اندوز ہونے کی تحریک دیتی ہے۔ تمام اہل وطن کو ہولی کی دلی مبارکباد۔ آئیے ہم اپنے کثیر الثقافتی سماج کو رنگوں، یکجہتی اور بھائی چارے کی روح سے بھر دیں اور ہم آہنگی و محبت کے عزم کا اعادہ کریں۔‘‘راہل گاندھی نے اپنے پیغام میں لکھا، ’’آپ سب کو ہولی کے مقدس تہوار کی دلی مبارکباد۔ رنگوں کا یہ تہوار آپ کی زندگی میں نئی امید، نیا جوش اور بے شمار خوشیاں لے کر آئے۔‘‘پرینکا گاندھی نے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا، ’’رنگ، جوش، ولولہ، خوشی، بھائی چارہ، برابری اور میل جول کے عظیم تہوار ہولی کی دلی مبارکباد۔ ہولی کھیلتے وقت ہر کسی کو محبت سے گلے لگائیے اور اپنے خاندان، سماج اور تمام اہل وطن کے ساتھ خوشیاں بانٹیے۔ آپ سب کے لیے ہولی مبارک ہو۔‘‘بی جے پی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے لکھا، ’’تمام اہل وطن کو ہولی کی دلی مبارکباد اور نیک خواہشات۔ میں دعا کرتا ہوں کہ یہ رنگوں کا تہوار آپ کی زندگی میں جوش، خوشی اور ولولہ بھر دے۔ سبھی خوشحال، ترقی یافتہ اور خوش نصیب ہوں۔‘‘یاد رہے کہ ہولی رنگوں کا تہوار ہے اور اس تہوار میں لوگ ایک دوسرے پر رنگ لگاکر خوشی اظہار کرتے ہیں ۔