رانا نے جے کے ایف ڈی سی ایل کو خود کفیل بنانے پر زور دیا

ولر جھیل کے تحفظ کے اقدامات کا جائیزہ لیا

جموں//جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور کے وزیر جاوید احمد رانا نے آج جموں کشمیر فاریسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ ( جے کے ایف ڈی سی ایل ) کو ایک خود انحصار اور منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے سخت کوششوں پر زور دیا ۔ وزیر موصوف سول سیکرٹریٹ میں جے کے ایف ڈی سی ایل کی کارکردگی اور کام کاج کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاوید رانا نے کہا کہ جے کے ایف ڈی سی ایل میں ریونیو جنریشن کی بڑی صلاحیت ہے اور کارپوریشن کو خود کفیل بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ اثاثوں کو زیادہ موثر طریقے سے استعمال کرنے اور جے کے ایف ڈی سی ایل کو زیادہ منافع بخش ادارہ بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن ہمارے کام کاج کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے اس کے علاوہ بہت ہی پائیدار طریقے سے آمدنی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ لکڑی کی درآمد کو محدود کرنے کیلئے فوری اور طویل مدتی مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے جاوید رانا نے کہا کہ جے کے ایف ڈی سی ایل کو ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے وسائل سے جموں و کشمیر میں لکڑی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے متعدد اقدامات کرنے چاہئیں ۔ وزیر موصوف نے بنجر زمینوں کی ترقی پر بھی زور دیا اور کہا کہ غیر جنگلاتی علاقوں میں تحفظ اور سوشل فارسٹری پر زیادہ توجہ دی جائے ۔ جاوید رانا نے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کو روکنے کیلئے حکام کو ضروری ہدایات بھی دیں اس کے علاوہ فائر لائنز کو تخفیف کے اقدامات کے طور پر طلب کیا ۔ میٹنگ کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایف ڈی سی ایل نے کام کے بارے میں ایک پریذنٹیشن دی اور کارپوریشن کو درپیش چیلنجوں پر روشنی ڈالی ۔ میٹنگ کے دوران جاوید رانا نے ولر جھیل کی صفائی اور خوبصورتی کیلئے اٹھائے گئے تحفظاتی اقدامات کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لئے ویٹ لینڈز کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آبی زمینیں پانی صاف کرنے ، سیلاب پر قابو پانے اور حیاتیاتی تنوع کیلئے مسکن فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام ضروری اقدامات اٹھائیں اور ان کے انجام دیں جو جھیل کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے علاوہ ان وسائل کے پائیدار استعمال کو فروغ دیں ۔ ولر جھیل کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات پر زور دیتے ہوئے جاوید رانا نے افسران سے کہا کہ وہ آبی ذخائیر سے آمدنی حاصل کرنے کیلئے پائیدار طریقے تلاش کریں ۔ میٹنگ کے دوران سی ای ڈی ڈبلیو یو سی ایم اے نے ایک تفصیلی پریذنٹیشن دی جس میں تحفظ کیلئے جاری مختلف کوششوں اور موجودہ مالی سال کیلئے مختلف کاموں پر روشنی ڈالی ۔