سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت منفی 3ڈگری ، گلمرگ میں منفی 5.6جبکہ پہلگام میں منفی 6.2ڈگری سیلشس درج
سرینگر // د ن میں کھلی دھوپ نکلنے اور رات کے دوران مطلع صاف رہنے کے نتیجے میں وادی کشمیر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے۔ اسی دوران سرینگر میں بھی شبانہ درجہ حرارت میں کافی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ مشہور سیاحتی مرکز پہلگام اور شہرہ آفاق گلمرگ سرد ترین جگہیں رہیں جہاں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی 6.2ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 5.6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ادھر محکمہ موسمیات نے اگلے 24گھنٹوں کے دوران موسم میں کوئی تبدیلی نہ آنے کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے آئندہ تین دنوں تک موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔اسی دوران جموں میں بھی شدید سردی کی لہر جاری ہے۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر اور صوبائی علاقے لہہہ اور کرگل میں چلہ کلان کی شدید ترین سردی نے اپنی لپیٹ میں لیا ہے اور یخ بستہ ہوائوں کی وجہ سے شدید سردی کی لہر جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رات کے دوران مطلع صاف رہنے اور دن میں کھلی دھوپ نکلنے کے باعث وادی کشمیر میں سردی کی لہر جاری ہے جبکہ آنے والوں دنوں میں شبانہ سردیوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران دن کے درجہ حرارت میں بہتری متوقع ہے جبکہ رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں گرواٹ درج ہونے کا ہی امکان ہے۔ وادی میں مطلع صاف رہنے کے باعث شبانہ درجہ حرارت ایک بار پھر نقطہ انجماد سے کافی نیچے گر گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت منفی3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گلمرگ میں رات کا درجہ حرارت منفی 5.6 ڈگری رہا۔ اسی طرح پہلگام میں اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 4.8 ڈگری جبکہ شبانہ درجہ حرارت منفی 6.2 ڈگری رہا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جموں میں 10.5 ڈگری، کٹرہ شہر میں 8.4، بٹوٹ میں 4.6، بانہال میں 0.7 اور بھدرواہ میں 2.5 درجہ حرارت کم سے کم رہا۔ انہوں نے بتایا کہ وادی کے ساتھ ساتھ لداخ خطہ بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے ۔ترجمان کے مطابق جموں خطہ میں بھی درجہ حرارت میں کافی گرائوٹ آئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق جموں کشمیر اور لداخ میں سردی کی لہر میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اگلے ایک ہفتے تک رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔ادھر محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں موسم میں کوئی تبدیلی نہ آنے کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے اگلے 24گھنٹوں میں موسم خشک رہنے کی پیشن گوئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق 12جنوری دوپہر میں عام طور پر ابر آلود، اور اس کے بعد بہتری جس کے بعد 13 جنوری کو، بنیادی طور پر خشک موسم رہنے کے ساتھ آئندہ کچھ دنوں تک موسم زیادہ تر خشک ہی ہونے کا امکان ہے ۔ ادھر شہر سرینگر سمیت وادی بھر میں سخت ترین ٹھنڈ جاری رہی اور دن کے وقت بھی لوگوں کو آنے جانے میں سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ رات کے وقت سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کے بعد لوگ اضافی بسترے ، کمبل ، گرم ملبوسات اور روم ہیٹر و واٹر بوتل جیسی چیزیں خریدنے پر مجبور ہورہے ہیں اور متعلقہ دکاندار لوگوں کی مجبوری یا ضرورت کا خوب فائدہ اٹھارہے ہیں اور انہوں نے یکایک ان سبھی چیزوں کی قیمتوں میں من مانے طور اضافہ کر دیا ہے ۔










