hotest day

دہلی میں شدید گرمی کی لہر، درجہ حرارت 46 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا امکان

نئی دہلی: ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پہلے سے ہی شدید لو کا سامنا رہی دہلی کے کچھ علاقوں میں جمعہ کے روز پارہ 46 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔ دہلی کی صفدر جنگ آبزرویٹری میں جمعرات کے روز درجہ حرارت 43.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا تھا، جو گزشتہ 12 سال میں اپریل کے مہینے میں سب سے زیادہ تھا۔ قومی راجدھانی میں 18 اپریل 2010 کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اپریل کے مہینے میں دہلی میں اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 29 اپریل 1941 کو 45.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔سینئر سائنسدان آر کے جینامنی نے کہا کہ جمعہ کے روز صفدرجنگ آبزرویٹری میں درجہ حرارت 0.5 سے ایک ڈگری تک بڑھنے کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر یہ 46 ڈگری سیلسیس تک بھی پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ، دہلی، مغربی اتر پردیش اور مدھیہ پردیش میں جمعہ کے روز سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ ہونے کی توقع ہے۔جینامنی نے کہا کہ راجستھان، دہلی، پنجاب اور ہریانہ میں 2 سے 4 مئی کے درمیان ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 39 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ آئی ایم ڈی نے جمعہ اور ہفتہ کو دہلی کے کئی حصوں میں ‘اورنج الرٹ’ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو شدید گرمی کی لہر کے بارے میں خبردار کیا ہے۔