pahlgam__attack

’دہشت گردی کے خلاف ہم متحد ہیں، نفرت اور ڈر کے سامنے نہیں جھکے گا ہندوستان‘، پہلگام حملے کی برسی پر کانگریس کا پیغام

جموں و کشمیر کے پہلگام میں گزشتہ سال 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کو آج ایک سال مکمل ہو گئے ہیں۔ اس حملے میں 26 بے گناہ افراد کو بے رحمی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ اس دردناک واقعہ کو یاد کرتے ہوئے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک جذباتی پوسٹ کی ہے۔ ملکارجن کھڑگے لکھتے ہیں کہ ’’میں آج ہی کے دن 2025 میں پہلگام دہشت گردانہ حملے میں اپنی جانیں گنوانے والے 26 شہریوں کو عاجزانہ خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ قوم معصوم شہریوں کی قربانیوں کو نہ کبھی بھولے گی اور نہ ہی معاف کرے گی۔ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں ان سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔‘‘
کانگریس کے قومی صدر پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ’’ہم اپنی بہادر مسلح افواج کی شجاعت اور قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے آپریشن سندور کے دوران بے مثال عزم اور حوصلے کے ساتھ مقابلہ کیا۔ ہم سرحد پر اپنے ان شہریوں کو بھی یاد کرتے ہیں جنہوں نے سرحد پار سے ہونے والی گولہ باری کی وجہ سے اپنی قیمتی جانیں گنوائیں۔ ان کی قربانیاں قوم کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے نقش ہیں۔ ہندوستان کا جذبہ غیر متزلزل ہے، اور وہ دہشت گردی کی ہر کارروائی کے خلاف پرعزم اور متحد کھڑا ہے۔‘‘
ملکارجن کھڑگے کے علاوہ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کی ہے۔ راہل گاندھی نے لکھا کہ ’’پہلگام میں گزشتہ سال ہوئے بزدلانہ دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے تمام بہادروں کو میں دلی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ہندوستان ان کی قربانی اور ان کے خاندانوں کے دکھ کو نہ کبھی بھولے گا اور نہ ہی اس بزدلانہ فعل کے قصورواروں کو کبھی معاف کرے گا۔‘‘
راہل گاندھی ’ایکس‘ پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ’’بے رحمی سے چھینی گئی معصوم زندگیوں کی یاد آج بھی ہمارے دلوں کو جھنجھوڑتی ہے۔ شہیدوں کے خاندانوں کا غم ہم سب کا غم ہے۔ ملک کے ان بیٹوں کی شہادت ہندوستان کی روح میں ہمیشہ انمٹ رہے گی۔ دہشت گردی اور تشدد کے خلاف پورا ملک متحد تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ نفرت اور خوف پھیلانے والی طاقتوں کے سامنے ہندوستان کبھی نہیں جھکے گا۔ ہم مزید مضبوطی، اتحاد اور عزم کے ساتھ اس کے خلاف کھڑے رہیں گے۔ جے ہند۔‘‘
ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی کے علاوہ کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے بھی ’ایکس‘ پر پہلگام دہشت گردانہ حملے کی برسی کے موقع پر جان گنوانے والے بے گناہ افراد کو یاد کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ وہ لکھتی ہیں کہ ’’ پہلگام میں ہونے والے بزدلانہ دہشت گردانہ حملے میں شہید تمام بہادر ہندوستانیوں کو دلی خراج عقیدت اور سلام۔ اس حملے میں ہمارے نہتے اور بے گناہ لوگوں کو بے رحمی سے مارا گیا، جو کہ انسانیت کے خلاف جرم تھا۔ ہندوستان نہ کبھی اسے بھولے گا اور نہ ہی ایسا کرنے والے مجرموں کو کبھی معاف کرے گا۔ تشدد اور دہشت گردی کے خلاف پورا ہندوستان ہمیشہ متحد تھا اور رہے گا۔ جے ہند!‘‘