امریکا نے گزشتہ ہفتے پاکستان میں ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے عوام نے دہشتگردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھوملر نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکا بلوچستان میں دہشتگرد حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، موسی خیل میں 23 معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، اس کے علاوہ مل میں سیکیورٹی اہلکاروں پر بھی حملے ہوئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے دہشتگردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملا کر کھڑے رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں امریکا اور پاکستان کا مشترکہ مفاد ہے۔واضح رہے کہ 26 اگست کو بلوچستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں 14 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 50 افراد کو قتل کردیا تھا جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔
ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات میں نامعلوم مسلح افراد نے مستونگ، قلات، پسنی اور سنتسر میں لیویز اور پولیس تھانوں پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں متعدد اموات ہوئیں۔سبی، پنجگور، مستونگ، تربت، بیلہ اور کوئٹہ میں دھماکوں اور دستی بم حملوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں، حکام نے تصدیق کی کہ حملہ آوروں نے مستونگ کے بائی پاس علاقے کے قریب پاکستان اور ایران کو ملانے والے ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔










