17سے 19 جنوری تک جموں و کشمیر کے کچھ ایک مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری ہونے کا امکان / محکمہ موسمیات
سرینگر // دن میں ہلکی دھوپ نکلنے کے باعث وادی کشمیر میں شدید سردی کی لہر مسلسل جاری ہے ۔ جس کے چلتے شبانہ درجہ حرارت میں کافی کمی درج ہو رہی ہے ۔ سرینگر میں منفی 2ڈگری ، سیاحتی مقام پہلگام میں ریکارڈ ساز ٹھنڈ کے ساتھ منفی 11.8اور شہرہ آفاق گلمرگ میں منفی 7ڈگری سیلشس درج ہوا جبکہ سونہ مرگ وادی میں مسلسل سرد ترین علاقہ بنا ہوا ہے جہاں رات کا درجہ حرارت منفی 12.8ڈگری سیلشس درج ہوا ہے ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے 17سے 19 جنوری تک جموں و کشمیر کے کچھ ایک مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری ہونے کا امکان ہے ۔ ادھر زمستانی موحول کی وجہ سے ڈل جھیل سمیت سبھی آبی ذخائر منجمد ہیں اور نل بھی جم گئے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ سی این آئی کے مطابق چلہ کلان کے سخت تیور کے بیچ جموں کشمیر اور لداخ میںشدید سردی کی لہر جاری ہے ۔ پوری وادی کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے اور یخ بستہ ہوائوں کی وجہ سے شدید سردی کی لہر جاری ہے ۔ محکمہ کے مطابق درجہ حرارت میں کمی ہونے کے ساتھ ہی پوری وادی سخت ترین سردی کے لپیٹ میں آچکی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وادی کے ساتھ ساتھ لداخ خطہ بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ جہاں چلہ کلان میں سب سے زیادہ درجہ حرارت میں کمی ہوتی ہے میں تھوڑی سی بہتری آئی ہے تاہم پہلگام اور سونہ مرگ میں شبانہ درجہ حرارت کافی نیچے چلا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں آج کم سے کم درجہ حرارت منفی ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قاضی گنڈ میںمنفی 2.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت کافی نیچے چلا گیا ہے اور گزشتہ رات کے مقابلے میں وہاں منفی 11.8ڈگری سیلشس درج ہوا ۔ اسی طرح سے انہوں نے کہا کہ شہرہ آفاق گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی 7ڈگری جبکہ سونہ مرگ منفی 12.8ڈگری سیلشس کے ساتھ وادی میں سرد ترین علاقہ ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بانہال میں درجہ حرارت منفی 1.2ڈگری اس کے علاوہ بٹوٹ میں منفی 0.3ڈگری سیلشس درج کیا گیا ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے کہا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 17سے 19جنوری تک ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور برفباری کے امکانات کے ساتھ کچھ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران گزشتہ رات بھر شدید سردی ہونے کے ساتھ جمعہ کی صبح بھی سرینگر سمیت پوری وادی میں شدت کی سردی محسوس کی جارہی ہے۔شدید سردی کی لہر جاری رہنے کے باعث مسلسل جھیل ڈل کی اوپری سطح پوری طرح سے منجمد رہی۔صبح کے وقت چلنے والی یخ بستہ ہواؤں اور شدت کی سردی کی لہر برقرار رہنے کے باعث صبح کے وقت زیادہ تر لوگ گھروں سے باہر نہیں نکل پارہے ہیں۔درجہ حرارت منفی ریکارڈ ہونے اور شدید دھند چھائے رہنے کے نتیجے میں نل اور پانی کی ٹینکیوں میں بھی پانی جم گیا ہے جس وجہ سے اب گھروں کے اندر بھی پانی دستیاب نہیں ہو رہا ہے اور لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ۔










