نزول رحمت باراں کیلئے اجتماعی دعائیہ مجالس کا اہتمام کرنے کی اپیل / مفتی اعظم ناصرالاسلام
سرینگر / /مفتی اعظم جموںوکشمیر مفتی ناصر الاسلام نے خشک موسم میں پیداشدہ صورتحال کے سلسلے میں فرزندان توحید سے اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ مساجد اورخانقاہوں میں توبہ واستغفار کی مجالس کا اہتمام کریں اور اللہ کے حضور سربہ سجدہ ہوکر رحمت باران کیلئے دعا کریں ۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق مفتی اعظم نے خشک موسم سے لاحق بیماریوںسے نجات حاصل کرنے کا ایک ہی وسیلہ ہے کہ ہم سب مل کر خدائے واحد سے دعا کریں کہ وہ اپنی رحمت ہم پر برسائیں اورہم اس آفت سے محفوظ رہ سکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں اس موسم میں بارش اور برفباری کا ہونا فطری تقاضا ہے اور جب اس موسم میں بروقت بارش یا برفباری نہیں ہورہی ہے تو بیماریاں جیسے نزلہ ،زُکام اورکھانسی پھوٹ پڑنا طے ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے موسمی حالات دنیاکے دوسرے ممالک سے بالکل مختلف ہیں اورجب موسم فطرت کے عین مطابق ہوتو ماحولیاتی زندگی کا توازن بھی برابر رہتا ہے جب موسم اچانک کروٹ بدلتا ہے اور اپنی فطرت سے ہٹ جاتا ہے تو یہاں کے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔اس سلسلے میں انہوں نے ائمہ مساجد ،علمائے کرام اور واعظین حضرات سے گذارش کی ہے کہ وہ مساجد اور خانقاہوں میں رحمت باراں کیلئے اجتماعی دعائوں کا اہتمام کریں تاکہ کسی نہ کسی نیک بندے کی دعا اللہ کی بارگاہ میں قبول ہوکر ہر کوئی نجات پاسکے گا ۔انہوں نے کہا کہ اللہ کی رحمت جب نازل ہوتی ہے تو وہ ہر کس وناکس پر یکسان ہوتی ہے کس کے طفیل اورکس کی دعا کی قبولیت میں اللہ نزول رحمت اپنے بندوں کو عطاکرتا ہے وہ بلا تخصیص ہوتی ہے ۔










