کینسر کے علاج او رصحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جارہا ہے ۔ وزیر صحت

حکومت کا جی ایم سی ہندواڑہ کو متبادل جگہ پر منتقل کرنے کا فیصلہ۔سکینہ اِیتو

کمیٹی کے رِپورٹ کے مطابق موجودہ جگہ شدید سیلابی خطرے کے باعث ناقابل عمل ہے

جموں//وزیربرائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے آج کہا کہ ضلع کپواڑہ کے لوگوں کی صحت ضروریات کو پورا کرنے کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ہندواڑہ ایک متبادل جگہ پر تعمیر کیا جائے گا۔وزیر موصوفہ نے سجاد غنی لون کے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ حالیہ دِنوں میں 29 ؍مارچ 2024ء، 16؍ اپریل 2024ء اور 28 ؍اپریل 2024 ء کو غیرمعمولی سیلاب کی اطلاع ملی ہے جب سیلاب کی زیادہ سے زیادہ سطح زمینی سطح (جی ایل) سے بالترتیب 0.6 میٹر، 3.8 میٹر اور 4.0 میٹر اوپر ریکارڈ کی گئی۔ یہ موجودہ تعمیراتی مقام یعنی نالہ پوہرو کے دائیں کنارے پر واقع جی ایم سی ہندواڑہ اور اس کے ہوسٹلوںکے لئے مختص جگہ، کو ناقابل عمل بنا دیتا ہے، جس کی وجہ سے اس اہم طبی ادارے کی تعمیر ممکن نہیں۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ سیلاب کے بعد موجودہ سائٹ کی موزونیت کا جائزہ لینے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اُنہوں نے کہا،’’پی ڈبلیو (آر اینڈ بی) ڈیپارٹمنٹ کے اِنجینئر ان چیف کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے رپورٹ دی کہ موجودہ مقام شدید سیلابی خطرے کے باعث ناقابل عمل ہے جو طلباء، اساتذہ اور بنیادی ڈھانچہ کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔‘‘وزیر نے مزید کہا،’’کمیٹی کے چیئرمین ،اِنجینئر اِن چیف پی ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ نے بعد کی میٹنگوں میں بھی یہی موقف دہرایا کہ موجودہ سائٹ پر تعمیرات جاری رکھنا ممکن نہیں اور تجویز کردہ سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات اس خطرے کو کم نہیں کر سکتے جس کی وجہ سے اس جگہ پر تعمیر ممکن نہیں۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا، ’’مشترکہ کمیٹی، جس کی سربراہی انجینئر ان چیف، پی ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کر رہے ہیں، کی تکنیکی رپورٹ میں واضح طور پر ذکر کیا گیا ہے کہ موجودہ مقام ناقابل عمل ہے۔‘‘
وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے ایوان کو آگاہ کیا کہ حکومت نے جی ایم سی ہندواڑہ کی منتقلی کے مسئلے کے حل کے لئے صوبائی کمشنر کشمیر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔اُنہوں نے بتایا،’’کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر اَب یہ معاملہ محکمہ زراعت کے ساتھ اُٹھایا گیا ہے تاکہ جی ایم سی ہندواڑہ کی منتقلی کے لئے متبادل جگہوں کو حتمی شکل دی جاسکے۔‘‘ وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ نئے جی ایم سی ہندواڑہ کا منصوبہ مرکزی معاونت والی سکیم ’ضلع وریفرل ہسپتالوں سے منسلک نئے میڈیکل کالجوں کے قیام (مرحلہ سوم)‘ کے تحت منظور کیا گیا تھا۔اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزارتِ صحت نے اس منصوبے کے لئے ٹائم لائنز کو ایک سال کی توسیع کرتے ہوئے اسے مارچ 2025 ء تک بڑھا دیا تھا۔ مزید برآں، مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود سے اس منصوبے (مرحلہ سوم) کی تکمیل کے لئے مزید دو سال یعنی مارچ 2027 ء تک توسیع دینے کی درخواست کی گئی ہے۔وزیر نے ایوان کو یقین دِلایا کہ حکومت جموں و کشمیر میں صحت عامہ کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نئی جگہ کاتعین کا معاملہ وزارتِ زراعت کے ساتھ اُٹھایا گیا ہے اورایسی جگہ پر زمین کی نشاندہی کی جائے گی جو ضلع کپواڑہ کے تمام علاقوں کے لئے باآسانی قابل رسائی ہو۔ایوان میں شیخ خورشید نے اِس معاملے پر ضمنی سوالات اُٹھائے۔ بھی اس مسئلے پر ضمنی سوالات اٹھائے۔