جموں//وزیربرائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے کہا کہ حکومت جی بی پنت سونہ وار کی موجودہ عمارت میں ایک جنرل ہسپتال قائم کرنے کے امکانات کا جائزہ لے گی۔وزیر موصوفہ ایوان میں قانون ساز اسمبلی میں احسن پردیسی کے ایک سوال کا جواب دے رہی تھیں۔اُنہوں نے ایوان کو آگاہ کیا کہ بچوں کا ہسپتال (پیڈیاٹرک ہسپتال)سونہ وار 26 ؍ستمبر 2022 ء کو بمنہ منتقل کیاگیا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ گورنمنٹ چیسٹ ڈیزیز ہسپتال سری نگر اِس وقت اولڈجی بی پنت ہسپتال سونہ وار میں پلمونری او پی ڈِی چلا رہا ہے اور وہاں بنیادی بائیو کیمسٹری انویسٹی گیشنز، اِی سی جی اور ایکسرے چیسٹ جیسی بنیادی سہولیات دستیاب ہیں جبکہ ہفتے میں ایک بار سی ٹی سکین کیا جاتا ہے۔وزیر صحت نے یہ بھی بتایا کہ اِسی علاقے میں کشمیر نرسنگ ہوم، سونہ وار مقامی آبادی کی طبی ضروریات کو پورا کر رہا ہے اور او پی ڈی خدمات باقاعدگی سے فراہم کر رہا ہے۔










