پی ایم جی ایس وائی کے چیف انجینئر کے ہمراہ ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اور عوامی خدمت پر زور
سرینگر /وی او آئی//جموں و کشمیر میں جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے ریاستی صدر جی ایم شاہین نے آج ضلع بارہمولہ کے کریری علاقے میں واقع ککو تھل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عوامی مسائل کا قریب سے مشاہدہ کیا اور متعدد ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔یہ دورہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت کیا گیا، جس میں اْن کے ہمراہ پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی) کے چیف انجینئر، اے ای ای، اے ای، اور جے ای سمیت محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران انہوں نے چندیلورہ سے ککو تھل تک تعمیر کی جا رہی سڑک کے منصوبے کا موقع پر معائنہ کیا، جو گزشتہ ایک سال سے زیر تعمیر ہے۔ حکام کے مطابق سڑک کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ صرف بلیک ٹاپنگ کا کام باقی ہے۔اس موقع پر جی ایم شاہین نے ایک نئے سڑک منصوبے کا بھی اعلان کیا، جو ککو تھل سے کلنٹرا تک ایک کلومیٹر طویل ہوگا۔ اْنہوں نے واضح کیا کہ اس نئے منصوبے پر جلد ہی کام کا آغاز کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔ہم اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں، عوامی خدمت ہی ہمارا مشن ہے۔ جے ڈی یو کے دروازے ہمیشہ عوام کے لیے کھلے رہیں گے، اور ہم ترقیاتی عمل کو جاری رکھیں گے۔دورے کے دوران جی ایم شاہین نے “شاہ کول” آبپاشی پروجیکٹ کا بھی ذکر کیا، جو 19 سال کے طویل انتظار کے بعد مکمل کیا گیا۔ اْنہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے مقامی کھیتوں کو سیرابی فراہم ہوئی ہے، جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہوگا۔انہوں نے منصوبے کی کامیاب تکمیل میں عوامی تعاون کو سراہا اور خصوصی طور پر جناب منظور احمد شیخ، حاجی بشیر احمد میر، اور حاجی محمد رمضان گنائی کا نام لیا، جنہوں نے منصوبے کی تکمیل میں کلیدی کردار ادا کیا۔دورے کے اختتام پر جی ایم شاہین نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے افسران، خاص طور پر چیف انجینئر، اے ای ای، اے ای، اور جے ای کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے منصوبوں کی نگرانی اور بروقت عمل درآمد کو یقینی بنایا۔










