کولکاتہ /ایجنسیز// کلکتہ شہر کے ایک کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر نے اپنے کلینک میں ان مریضوں کے لیے 500 روپے رعایت کا اعلان کر کے تنازعہ کھڑا کر دیا ہے جو طبی تخشیص کے دوران ’’جے شری رام‘‘ کا نعرہ لگائیں گے۔ انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر پی کے ہزارا نے اپنے خانگی کلینک میں ایک پوسٹر آویزاں کیا ہے جس میں وہ بی جے پی اسکارف پہنے نظر آ رہے ہیں اور اس پیشکش کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ پوسٹر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا۔ اس معاملہ پر ردعمل دیتے ہوئے ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما ڈاکٹر نرمَل ماجی نے الزام لگایا کہ ڈاکٹر ہزارا بی جے پی کی خوشنودی حاصل کرنے اور اپنے مفادات کے تحفظ کی کوشش کر رہے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ہزارا نے کہا کہ یہ مکمل طور پر ان کا ذاتی فیصلہ ہے۔ ان کے مطابق وہ طویل عرصہ سے یہ محسوس کرتے ہیں کہ مغربی بنگال کے مریض علاج کے لئے دوسرے ریاستوں کا رخ کرتے ہیں، جبکہ یہاں سے دوسرے ریاستوں کو کم ہی مریض جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی رجحان کو بدلنے کے لئے انہوں نے یہ اقدام کیا۔ ڈاکٹر کے مطابق یہ رعایت صرف ان کے ساؤتھ کلکتہ کے کلینک پر دی جا رہی ہے، ہاسپٹل میں نہیں۔










