جی ایس ٹی کا حصہ دیا نہیں اور اب وزیر اعظم ریاستوں سے ویٹ کم کرنے کو کہہ رہے ہیں: کانگریس

جی ایس ٹی کا حصہ دیا نہیں اور اب وزیر اعظم ریاستوں سے ویٹ کم کرنے کو کہہ رہے ہیں: کانگریس

نئی دہلی: وزیر اعظم مودی کی ریاستوں سے تیل پر ویٹ (ویلیو ایڈیڈ ٹیکس) کم کرنے کی اپیل کے بعد کانگریس نے مرکز سے ایکسائز ڈیوٹی بڑھا کر 26 لاکھ کروڑ روپے کا حساب طلب کیا ہے۔ کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے بدھ کے روز کہا کہ مرکز نے پٹرول اور ڈیزل پر سنٹرل ایکسائز ڈیوٹی سے 26 لاکھ کروڑ روپے کمائے ہیں۔ وزیراعظم نے اس کا ذکر کیوں نہیں کیا؟انہوں نے کہا کہ آپ نے وقت پر ریاستوں کو جی ایس ٹی کا حصہ نہیں دیا اور اب آپ ریاستوں سے ویٹ کم کرنے کو کہہ رہے ہیں۔ پہلے انہیں سنٹرل ایکسائز ڈیوٹی کم کرنی چاہئے، پھر ریاستوں سے ویٹ کم کرنے کو کہنا چاہئے۔ پون کھیڑا نے کہا وہ ہمیشہ بھول جاتے ہیں کہ وہ پورے ملک کے پی ایم ہیں۔ انہیں معافی مانگنی چاہئے کہ وہ کبھی بھی ریاستوں کو وقت پر جی ایس ٹی معاوضہ ادا نہیں کرتے۔ظورطلب ہے کہ وزیر اعظم مودی نے بدھ کو تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ کووڈ-19 کے حوالے سے بات چیت کے دوران کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے مرکزی حکومت نے گزشتہ نومبر میں ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کی تھی۔ اس کے بعد ریاستوں سے بھی ریاست میں ٹیکس کم کرنے کی درخواست کی تھی۔ کچھ ریاستوں نے تو اپنے یہاں ٹیکس کم کر دیا لیکن کچھ ریاستوں نے اس کا فائدہ اپنے لوگوں کو نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ جنگ کی صورتحال سے سپلائی چین متاثر ہوئی ہے، ایسے ماحول میں چیلنجز دن بدن بڑھ رہے ہیں۔ عالمی بحران کے درمیان تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ ایسے عالمی بحران میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے درمیان تال میل کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ میری گزارش ہے کہ ریاست بھی ملکی مفاد میں ٹیکس کم کر دیں تو عوام کو فائدہ ہوگا۔