رضاکار ضرورت مندوں کی مدد کیلئے خود کو وقف کریں /محمد احسن راتھر
سرینگر / /رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا گرمجوشی سے استقبال کرتے ہوئے اتوار 23فروری کو سرینگر کے جواہر نگر واقع بیت الہلال میں ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں یتیم فاؤنڈیشن (JKYF) سے وابستہ کشمیر بھرکے رضاکاروں نے شرکت کی۔ کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق پروگرام میں معروف دانشور ڈاکٹر جواہر قدوسی نے ایک پُرتاثیر مقالہ پڑا جس میں انہوں نے اسلامی عقیدے میں رمضان کی اہمیت پر پُرجوش انداز میں بات کی۔ ڈاکٹر قدوسی نے روزے کی فضیلت، خود احتسابی اور اس مقدس ماہ میں عبادت میں اضافے پر زور دیا۔ انہوں نے زکوٰۃ اور معاشرتی ہم آہنگی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور شرکاء سے اپیل کی کہ وہ اس مہینے کو روحانی ترقی اور خود احتسابی کے موقع کے طور پر استعمال کریں۔ اپنے خطاب میں، یتیم فاؤنڈیشن کے چیئرمین محمد احسن راتھر نے رمضان کے دوران اپنے خیالات کی پاکیزگی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ معاشرے کا زیادہ کارآمد رکن بن سکیں۔ انہوں نے رضاکاروں سے اپیل کی کہ وہ اس مقدس مہینے میں ضرورت مندوں کی خدمت کے لیے خود کو وقف کریںاور اللہ کی رضا کے لیے بے لوث خدمت کی اہمیت پر زور دیا۔ اس سے قبل فاؤنڈیشن کے سابق چیئرمین محمد رفیق لون نے شرکاء کا خیرمقدم کیا۔ اپنے افتتاحی کلمات میں، انہوں نے رمضان کے دوران ضرورت مندوں تک پہنچنے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ پروگرام میں بیت الہلال، جواہر نگر کے طلبا ء یاور احمد اور جعفر حسین نے قرآن پاک کی آیات ترجمے کے ساتھ پیش کیں جبکہ وسیم احمد لون نے نعت پڑھی۔ تقریب کا اختتام شفیق احمد خاکی،ضلعی نمایندہ اننت ناگ کی جانب سے پیش کردہ دعا پر ہوا۔ پروگرام کی کارروائی JKYF کے پروگرام ایگزیکٹو برائے پریس اور پبلک ریلیشنز، جاوید جاواحمد نے انجام دی۔










