سکمز کی خودمختاری کی بحالی میری حکومت کی اولین ترجیح / وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ
سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اِنسٹی چیوٹ کے آڈیٹوریم میں منعقدہ شیر کشمیر اِنسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایس کے آئی ایم ایس) صورہ کے 42 ویں سالانہ دِن کی تقریبات سے خطاب کیا۔اِس موقعہ پر وزیراعلیٰ نے صحت عامہ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے حکومت کے عزم کو اُجاگر کرتے ہوئے متعدد پروجیکٹوںکا اِی۔ اِفتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔اُنہو ں نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے صحت عامہ کے نظام کو بہتر بنانے میںسکمز کے ناگزیر رول پر زور دیا۔اُنہوں نے اِنسٹی چیوٹ کی گرانقدر خدمات اور ایمرجنسی حالات میںاہم رول ادا کرنے پر سراہنا کی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ سکمز عام لوگوں کو تکنیکی طور پر جدید اور ثبوت پر مبنی صحت خدمات فراہم کرتا ہے۔وزیراعلیٰ نے سکمز اِنتظامیہ، فیکلٹی اور عملے کو بالخصوص کووِڈ۔19 وبائی اَمراض اور دیگر بحرانوں کے مشکل وقت میں اُن کی مثالی کارکردگی پر مُبارک باد پیش کی۔ اُنہوں نے شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کے نظریۂ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سکمز کا قیام جموں و کشمیر کے اندر صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے کیا گیا تھا جس سے مریضوں کو خطے سے باہر علاج ومعالجہ کرنے کی ضرورت کم ہوگئی ہے۔اُنہوں نے اس نظریۂ کو حقیقت کا روپ دینے کے لئے سکمزکے ارد گرد بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے کی اُمیدظاہر کرتے ہوئے میڈیکل ٹوراِزم کی اہمیت پر بھی زور دیا۔وزیراعلیٰ نے سب ڈِسٹرکٹ اور ڈِسٹرکٹ ہسپتالوں کو مضبوط بنانے پر زور دیا تاکہ اِنسٹی چیوٹ پر دباؤ کم کیا جاسکے۔اُنہوں نے سکمز کے کام کاج کو کمزور کرنے والی اِنتظامی مداخلت پر تشویش کا اِظہار کیا اور ترجیحی بنیادوں پر اس کی خودمختاری کو بحال کرنے کا عہد کیا۔وزیراعلیٰ نے اِنسٹی چیوٹ کو مزید مستحکم بنانے کے لئے مریضوں کو اعلیٰ معیار کی صحت نگہداشت کو یقینی بنانے کے لئے مکمل حکومتی تعاون کی یقین دہانی کی۔اُنہوں نے تقریب کے دوران ایمرجنسی بلاک میں تیمارر داروں کے لئے سرائے، میٹرنٹی ہسپتال میں تیمارروں کے لئے سرائے، ریڈی ایشن آنکولوجی میں 4 ڈِی سی ٹی سمیولیٹر اور ڈے کیئر وارڈ سمیت متعدد سہولیات کا اِی ۔اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے سپورٹس گراؤنڈ، ٹرانسپورٹ یارڈ اور تیمارداروںکے لئے مزید جگہ کی تعمیر کے لئے اِی۔ سنگ بنیاد بھی رکھا۔مزید برآں، وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی آپریشن تھیٹر بلاک کا اِفتتاح کیا اور سکمز میڈیکل یونیورسٹی کمپلیکس کو شروع کیا جس سے ایمرجنسی اور تعلیمی سہولیات میں مزید اِضافہ ہوگا۔اِس سے قبل وزیراعلیٰ نے سکمزکے زیر اہتمام منعقدہ نمائش کا معائینہ کیا جس میں اِنسٹی چیوٹ کے مختلف شعبوں کی اِختراعی خدمات اور کامیابی کی داستانوں کو دِکھایا گیا تھا۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے سکمز کی سالانہ رپورٹ بھی جاری کی جس میں اِنسٹی چیوٹ کی اہم کامیابیوں اور سرگرمیوںکو اُجاگر کیا گیا ہے۔ وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ مسعود اِیتو نے بھی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے لوگوںکے لئے عالمی معیار کی طبی سہولیت کے طور پر سکمز کے قیام کے شیر کشمیر کے ویژن پر زور دیا۔ڈائریکٹر سکمزپروفیسر محمد اشرف گنائی نے اپنی تقریر میں صحت عامہ شعبے میں اِنسٹی چیوٹ کی خدمات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔تقریب میںوزیربرائے خوراک، شہری رسد ات اور اَمور صارفین ستیش شرما، وزیر اعلی کے مشیر ناصر اسلم وانی، جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور متعدد ارکان قانون ساز اسمبلی موجود تھے۔اِس موقعہ پر سیکرٹری صحت وطبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ، سینئر فیکلٹی ممبران، سابق ڈائریکٹروں اور سکمز کے دیگر سٹاف ممبران نے بھی شرکت کی۔










