court

جموں کشمیر میں 43 عدالتی آسامیاں خالی پڑی ہوئی ہے

پچھلے پانچ سالوں میں منظور شدہ عہدوں کی تعداد میں اضافہ ہوا / مرکزی وزیر قانون

سرینگر// جموں کشمیر میں 43 عدالتی آسامیاں خالی پڑی ہوئی ہے کا انکشاف کرتے ہوئے وزارت قانون و انصاف کے وزیر مملکت نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میں منظور شدہ عہدوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ سی این آئی کے مطابق مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ کو بتایا ہے کہ جموں و کشمیر میں اس وقت ضلعی اور ماتحت عدالتوں میں 43 عہدے خالی ہیں۔یہ اعداد و شمار وزارت قانون و انصاف اور پارلیمانی امور کی وزارت میں ریاستی وزیر ارجن رام میگھوال نے ملک بھر کی عدالتوں میں زیر التوا مقدمات اور عدالتی آسامیوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پیش کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، جموں و کشمیر میں 3 فروری 2025 تک عدالتی افسران کی منظور شدہ تعداد 322 ہے۔ ان میں سے 43 عہدے خالی ہیں۔پچھلے پانچ سالوں میں منظور شدہ عہدوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ دسمبر 2020 میں، منظور شدہ تعداد 296 تھی۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2021 تک، منظور شدہ تعداد بڑھ کر 300 ہو گئی، جبکہ خالی اسامیاں بڑھ کر 59 ہو گئیں۔ اسی طرح سے دسمبر 2022 میںمنظور شدہ تعداد 314 تک پہنچ گئی، جس میں 91 آسامیاں تھیں۔ دسمبر 2023 تک منظور شدہ آسامیوں کی تعداد بڑھ کر 317 ہو گئی تھی، جن میں 94 آسامیاں تھیں۔تازہ ترین اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ منظور شدہ تعداد بڑھ کر 322 ہو گئی ہے۔ خالی آسامیوں کی تعداد کم ہو کر 43 ہو گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے لداخ کیلئے بھی تفصیلات فراہم کیا، جہاں چھ اسامیوں کے ساتھ عدالتی افسران کی منظور شدہ تعداد 17 ہے۔