جموں//جموں وکشمیر میں جاری عوامی رَسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیر پیٹرولیم، قدرتی گیس اور مکانات و شہری ترقی ہردیپ سنگھ پوری نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کا ترقیاتی ماڈل اِس بات پر زور دیتا ہے کہ ہر ایک مرکزی معاونت والی سکیم جیسے اُجوالا یوجنا ، آیوشمان بھارت ، پی ایم آواس یوجنا یا دیگر سکیمیں ہوں ، کا فائدہ براہِ راست مستحقین تک پہنچنا چاہیئے ۔اِن باتوں کا اِظہار مرکزی وزیر ہردیش سنگھ پوری نے کئی ترقیاتی منصوبوں کا اِی ۔ اِفتتاح اور اِی۔ سنگ بنیاد کرنے کے دوران کیا۔ مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پور ی نے ملک میں سوچھتا مہم کے لئے وزیر اعظم کے اِقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے 2014ء میں لال قلعے کی فصیل سے اِس بات پر زور دیا تھا کہ اگر بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 150 ویں یوم پیدائش پر بھارت کھلے میںرفع حاجت( او ڈی ایف) سے پاک بن جائے تو یہ بابائے قوم کو زبردست خراج عقیدت ہوگا۔مرکزی وزیر نے کہا کہ آج وہی ہو رہا ہے جب ملک نے انفرادی گھریلو بیت الخلاء ، عوامی بیت الخلاء ، کمیونٹی بیت الخلاء تعمیر کرکے او ڈی ایف کے تحت اہداف حاصل کئے ہیں۔جموں وکشمیر ان او ڈی ایف ریاستوںاوریوٹیوں میں سے ایک ہے جو ہمارے لئے باعث فخر ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ ملک کے تقریباً ہر حصے میں سوچھتا مہم کی عمل آوری کے پیچھے کامیابی یہ ہے کہ یہ پروگرام صرف حکومتی حلقوں تک محدود نہیں ہے بلکہ اسے پی ایم شری نریندر مودی کے تحت ’’ جن آندولن ‘‘ بنایا گیا تھا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ جموںوکشمیر میں میٹروریل پروجیکٹ کو اَگلے ہفتے تک منظوری دی جائے گی اور جموںوکشمیر کے لئے رسوئی گیس پائپ لائن کی مانگ کو بھی حکومت اوّلین ترجیح دے گی۔اُنہوں نے کہا کہ ترقیاتی ایجنڈے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا ہے اور پروجیکٹوں کی تکمیل کے لئے ٹائم لائن مقرر کی گئی ہیں۔ جیسے سینٹرل وِستا پروجیکٹ کی آخری تاریخ 26؍ جنوری 2022ء مقر ر کی گئی ہے جو مذکورہ تاریخ سے پہلے مکمل ہوجائے گا۔مرکزی وزیر نے کہا کہ پی ایم اجوالا یوجنا 1.0کے تحت مستحقین کو آٹھ کروڑ رسوئی گیس کنکشن فراہم کئے گئے ہیں ۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے تمام سکیموں کو بروقت عملانے پر زور دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے بعد جموںکشمیر میں برسوں سے تعطل کا شکار ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں اور بہت سے ان برسوں میں مکمل ہوچکے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اَب جموںوکشمیر یوٹی ترقی کی راہ پر گامزن ہو رہا ہے ۔اِس موقعہ پر مرکزی وزیر نے مختلف سرکاری سکیموں جس میں پی ایم اے وائی ، ایم یو ایم کے آئی این( ممکن )،ذیلی مشن آن ایگری کلچرل میکانائزیشن ( ایس ایم اے ایم) ، مشن فار انٹگریٹیڈ ڈیولپمنٹ آف ہارٹی کلچر ( ایم آئی ڈی ایچ) ، پی ایم اُجوالا اور پی ایم سواندھی( سٹرٰٹ وینڈر کارڈ ڈسٹربیوشن) شامل ہیں ،کے تحت مستحقین میں اِمداد تقسیم کی۔اُنہوں نے گورنمنٹ ہسپتال سروال جموں میں 800 ایل پی ایم آکسیجن جنریشن پلانٹ ، 78 یو ایل بی میں اِنٹگریٹیڈ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم ، باہو فورٹ کی فیڈ لائٹنگ اور الیو می نیشن ، بھگوتی نگر میں 164 کے ایل ڈی سپٹیج ٹریٹمنٹ پلانٹ، شہری اِنفراسٹرکچر کی اصلاح 76یوایل بی کا اِی۔ اِفتتاح کیا ۔ وزیر نے چار توی پلوں پر فیکڈ لائٹنگ اور آر سی سی نالہ کی تعمیر اور لور روپ نگر میں پارک کی ترقی ( مرحلہ دوم)کا اِی ۔ سنگ بنیاد رکھا۔ جموں سے رُکن پارلیمنٹ جُگل کشور شرما نے کہا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں ترقی کی ایک نئی صبح طلوع ہوئی ہے جو اس حقیقت سے ظاہر ہے کہ سکیموں اور پروگراموں کے فوائد جموں و کشمیر میں اس کے حقیقی مستحقین تک پہنچ رہے ہیں۔تقریب میں میئر جموںمیونسپل کارپوریشن چندر موہن گپتا ، جوائنٹ سیکرٹری مکانات و شہر ی ترقی پنکج کے سنگھ ، پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ دھیرج گپتا ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر آئی او سی ایل سجوئے چودھری،ضلع ترقیاتی کمشنر جموں انشل گرگ اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر جے ایس سی ایل اونی لاواسا موجود تھے ۔










