جموں وکشمیر رئیل اسٹیٹ ریگرلیٹر اَتھارٹی اور محکمہ ریونیو مشترکہ معائینہ کرے گا

جموں / /جموں ضلع میں غیر قانونی کالونیوں کی ترقی کو روکنے کے لئے جموں و کشمیر رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اَتھارٹی (جے کے آر اِی آر اے) مشترکہ معائینہ کرے گی۔ یہ فیصلہ ضلع ترقیاتی کمشنر جموں سچن کمار واشیا کی چیئرپرسن جے کے آر اِی آر اے ستیش چندرا کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران لیا گیا۔دورانِ میٹنگ ضلع میں غیر قانونی کالونیوں کی ترقی کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے چیئرپرسن کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے غیر مجاز تعمیرات کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں سے آگاہ کیا۔چیئرپرسن نے کہا ،’’ نادہندگان کو نوٹس جاری کئے جائیں گے اور رئیل اسٹیٹ (ریگولیشن اینڈ ڈیولپمنٹ) ایکٹ 2016 اور اس کے تحت بنائے گئے قواعد و ضوابط پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ ِاس اَقدام کا مقصد منصوبہ بند ترقی کو یقینی بنانا ، گھر خریدنے والوں کے مفادات کا تحفظ کرنا اور جموں ضلع میں غیر مجاز تعمیرات کو روکنا ہے۔