جموں وکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے پہلگام دہشت گردانہ حملے میں جانوں کے ضیاع پر دُکھ کا اِظہار کیا

جموں وکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے پہلگام دہشت گردانہ حملے میں جانوں کے ضیاع پر دُکھ کا اِظہار کیا

جموں//جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کی جموں وِنگ میں کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر حالیہ حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اِظہار کرنے کے لئے ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی۔چیف جسٹس ، جسٹس ارون پلی نے تعزیتی میٹنگ کی صدارت کی جس میں تمام موجود ججوں نے شرکت کی۔چیف جسٹس نے اَپنے بیان میں گہرے دُکھ اور اَفسوس کا اِظہار کرتے ہوئے کہا،’’ہم اس بُزدِلانہ حملے میں معصوم جانوں کے ضیاع پر اِنتہائی غمزدہ ہیں۔ اِس مشکل وقت میں ہماری دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ کنبوں کے ساتھ ہیں۔‘‘عدالت نے جاں بحق اَفراد کے احترام میں دو منٹ کی خاموشی اِختیار کی۔ جج صاحبان، رجسٹری کے اَفسران اور عدالتی عملے نے متاثرہ کنبوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اِظہار کیا۔