جمعہ کی صبح سے وادی بھر میں بارش اوربرفباری کاسلسلہ جاری

تیز ہوائوں کی وجہ سے متعدد رہائشی مکانوں کے چھت اُڑ گئے ، کوئی جانی نقصان نہیں

سرینگر///وادی کشمیر کے بالائی اور میدانی علاقوں میں جمعہ کی صبح سے شروع باد و باراں کا سلسلہ سنیچر کو بھی جاری رہا جبکہ متعدد علاقوں میں سخت ہوائیں چلنے کی وجہ سے کئی رہائشی اور دیگر ڈھانچوں کے چھت اُڑ گئے اور کئی ایک کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ اس بیچ سرینگر سمیت وادی کے دیگر میدانی علاقوں میں مجموعی طور پر 150ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سرینگر میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 35ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ ادھر گلمرگ، پہلگام ، زوجیلا درے ، سادھنا ٹاپ اور سمتھن ٹاپ کے ساتھ ساتھ گریز بانڈی پورہ میں سنیچر کی صبح سے ہی تازہ برفباری شروع ہوئی ۔ وادی میں موسم تبدیل ہونے کی وجہ سے دن اور رات کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھنے کو ملی ۔ اس بیچ محکمہ موسمیات نے 3مارچ تک موسم کی صورتحال جوں کی توں رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں جمعہ کی صبح سے شرو ع ہوئی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ رک رک کر جاری ہے اور سرینگر سمیت وادی کے دیگر میدانی علاقوںمیں بارش کے ساتھ ساتھ بالائی علاقوں میں ہوئی تازہ برفباری کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ادھر سرینگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 35ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں55ملی میٹربارش اور کپوارہ میں26ملی میٹر بارشدیکھنے کو ملی ہے ۔ ادھر بالاعلاقوں جن میں پہلگام میں ، گلمرگ اور سونہ مرگ شامل ہے میںتازہ برفباری ہوئی ۔ وی او آئی کو موصولہ جانکاری کے مطابق سنیچر کی شام تک پہلگام میں 1.5فٹ کے قریب تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ سونہ مرگ میں 2.5فٹ ، گلمرگ میں 2.5فٹ ، دودھ پتھری میں سنیچر کی شام تک 1.5برف اور سادھنا درے پر 4فٹ ، پیر کی گلی مغل روڑمیں 4.5فٹ سنتھن ٹاپ پر 2.5فٹ اور بانڈی پورہ گریز روڑپر 3فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے تازہ ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وادی کی موسمی صورتحال کے پیش نظر بالائی علاقوں کے نزدیک رہنے والے لوگ احتیاطی طور رپر اپنے ہی گھروں میں رہیں اور برفانی تودے گرآنے کے ممکنہ واقعات کے پیش نظر بالائی علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں۔ ادھر سرینگر جموں شاہراہ، سونہ مرگ ، مغل روڑ اور گریز بانڈی پورہ روڑ پر سنیچر وار کو ٹریفک کی آمدورفت بند رہی ۔ دریں اثناء وادی کے متعدد علاقوں میں تیز ہوائوں کی وجہ سے کئی رہائشی مکانات اور دیگر املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے ۔ ادھر تیز ہواؤں نے قاضی گنڈ اسکول کی چھت کو نقصان پہنچایا،اننت ناگ کے قاضی گنڈ کے پنجات گاؤں میں ہفتہ کی دوپہر تیز ہواؤں اور بارش کے ساتھ ایک سرکاری اسکول کی عمارت کی چھت کو نقصان پہنچا۔ایک اہلکار نے وائس آف انڈیا کے نمائندے ایجاذ ایتو کو بتایا کہ گورنمنٹ مڈل اسکول پنجات کی چھت شدید بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے گر گئی۔خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تمام عملہ محفوظ ہے۔