جل جیون مشن پرہائوس کمیٹی کی سری نگر میں چوتھی میٹنگ منعقد ہوئی

جل جیون مشن پرہائوس کمیٹی کی سری نگر میں چوتھی میٹنگ منعقد ہوئی

سری نگر// جل جیون مشن (جے جے ایم) پر ہاؤس کمیٹی نے قانون ساز اسمبلی کمپلیکس سری نگر میں اَپنی چوتھی میٹنگ منعقد کی جس کی صدارت جسٹس (ریٹائرڈ) حسنین مسعودی نے کی۔میٹنگ میں اراکینِ کمیٹی محمد یوسف تاریگامی، علی محمد ڈار، الطاف احمد وانی، اعجاز احمد جان، رنبیر سنگھ پٹھانیہ، تنویر صادق، جاوید ریاض (بیدار)، مظفر اِقبال خان، رفیق احمد نائیک اور ارجن سنگھ راجو نے شرکت کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ جل شکتی شالین کابرا، مشن ڈائریکٹر جے جے ایم، پی ایچ ای جموں و کشمیر کے چیف انجینئروں اور دیگر سینئر اَفسران نے بھی میٹنگ میں موجود تھے۔دورانِ میٹنگ چیئرمین نے کہا کہ اس کمیٹی کو جل جیون مشن کی عمل آوری میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا ایک اہم فریضہ سونپا گیا ہے۔ یہ مشن عوام کو محفوظ اور مناسب مقدار میں پینے کا پانی فراہم کرنے کے لئے ایک کلیدی حکومتی اَقدام ہے۔چیئرمین نے کمیٹی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ مختلف اَضلاع کا دورہ کر کے جل جیون مشن کے تحت جاری منصوبوں کا زمینی جائزہ لیں۔میٹنگ میں اراکین کمیٹی نے بھی جل جیون مشن کے مختلف پہلوؤں پر بات کی۔