بارہمولہ //وزیر برائے زرعی پیداوار ، دیہی ترقی ، پنچائتی راج ، کواپریٹو اور الیکشن ڈیپارٹمنٹ مسٹر جاوید احمد ڈار نے بارہمولہ پبلک سکول ( بی پی ایس ) دلینہ کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کیا ۔ اپنے خطاب میں وزیر نے اخلاقی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ تمام شعبہ ہائے تعلیم کی بنیاد ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ اخلاقی اقدار کو جدید تعلیم کے ساتھ برابر اہمیت دی جانی چاہئیے تا کہ مکمل شخصیت کے حامل افراد اور ذمہ دار شہری پیدا کئے جا سکیں ۔ مسٹر جاوید ڈار نے اسکول کے سرسبز و شاداب کیمپس کی تعریف کی اور بی پی ایس کے طلباء کی تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں شاندار کامیابیوں کو سراہا ۔ ترقی کیلئے متوازن نقطہ نظر کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا ’’ معیشت اور ماحولیات ، انسانیت اور ٹیکنالوجی کو ایک ساتھ آگے بڑھنا چاہئیے تا کہ ایک پائیدار اور بہتر مستقبل بنایا جا سکے ۔‘‘ تقریب میں کئی ممتاز شخصیات نے شرکت کی جن میں ایم ایل اے بارہمولہ جاوید احمد بیگ ، ایم ایل اے سوپور ارشاد رسول کار ، ایم ایل اے پٹن جاوید ریاض بیدار ، ایم ایل اے واگورہ ۔ کریری عرفان حفیظ لون اور ڈی آئی جی شمالی کشمیر شامل تھے ۔ طلباء کے ایک رنگا رنگ ثقافتی پروگرام نے حاضرین کو مسحور کیا جبکہ اسکول انتظامیہ نے مہمانوں کا استقبال سکول کے ترانے کے ساتھ کیا ۔ بی پی ایس کے چئیر مین نے ادارے کی کامیابیوں اور جامع تعلیم فراہم کرنے کے اس کے مشن کو اجاگر کیا ۔










