محکمہ کے اثاثوں کے تحفظ اور اُنہیں آمدنی پیدا کرنے والے ذرائع میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور
جموں// وزیربرائے کوآپریٹیو،محکمہ زرعی پیداوار ،دیہی ترقی و پنچایتی راج اور الیکشن جاوید احمد ڈار نے آج جموں و کشمیر بھر میں کوآپریٹیو سوسائٹیوں کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کوآپریٹیوڈیپارٹمنٹ کی متحرک اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لئے تبدیلی لانے والے نقطہ نظر پر زور دیا۔اُنہوں نے سول سیکرٹریٹ جموں میں کوآپریٹیو ڈیپارٹمنٹ کے ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے خطے کی معیشت کو فروغ دینے کے لئے کوآپریٹیو اثاثوں کے تحفظ اور انہیں آمدنی پیدا کرنے والے ذرائع میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر موصوف نے کوآپریٹیو تحریک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کوآپریٹیو سوسائٹیوں کو مضبوط بنانے اور توسیع دینے کے لئے نئے سرے سے کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے تمام گرام پنچایتوں میں نئی سوسائٹیوں بالخصوص پرائمری ایگری کلچرل کریڈٹ سوسائٹیوں (پی اے سی ایس) کی رجسٹریشن کی ہدایت دی تاکہ نچلی سطح پر شرکت کو بڑھایا جاسکے۔ اُنہوںنے پی اے سی ایس کو طویل مدتی ترقی کے لئے دیرپا بنانے پر زور دیتے ہوئے اسے کوآپریٹیو تحریک کی ریڈھ کی ہڈی مانند قرار دیا۔جاوید احمد ڈارنے کوآپریٹیو خدمات کو ہر دہلیز تک پہنچانے کے لئے ’جامع زرعی ترقیاتی پروگرام (ایچ اے ڈی پی)‘ کے تحت سکیموں سے فائدہ اُٹھانے پر زور دیا۔اُنہوں نے کوآپریٹیو بینکوں، سپر بازاروں، سکولوں، کامن سروس سینٹروں،ٹریننگ سینٹروں اور پی ایم جن اوشدھی کیندروںکے بغیر کسی رُکاوٹ کے کام کو ترجیح دینے پر زور دیا۔معاشی ترقی کو بڑھانے کے لئے سپر بازاروں کو جدید بنانے، ان کی انوینٹری کو متنوع بنانے کے لئے ہدایات جاری کی گئیں۔جاویداحمد ڈار نے نوجوانوں میں اَنٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے لئے’’ یووا سہکار سکیم ‘‘کے تحت اِختراعی کوآپریٹیوسوسائٹیوں کی حوصلہ افزائی کی۔اُنہوںنے اناج ذخیرہ کرنے اور کوآپریٹیو تعلیم و تربیتی اداروں جیسے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے موجودہ مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق کورس کی پیشکشوں کو متنوع بنانے پر زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ عوامی افادیت کو یقینی بنایا جاسکے۔وزیر موصوف نے محکمہ کوآپریٹیو کی بحال کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کوآپریٹیو معیشت کو مضبوط بنانے اور کمیونٹیوں کو بااِختیار بنانے کا لازمی جزو ہیں۔اُنہوں نے کوآپریٹیو سوسائٹیوں کو مزید جامع، اختراعی اوردیرپا بناتے ہوئے اثاثوں کو محفوظ اور بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔میٹنگ کے شروعات میں سیکرٹری کوآپریٹیو ببیلا رکوال نے پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے محکمہ کی کامیابیوں او رجاری اَقدامات کا جائزہ پیش کیاجس میں پی اے سی ایس کو کمپیوٹرائز کرنے میں پیش رفت بھی شامل ہے۔ اُنہوں نے جن اوشدھی کیندورں، سی ایس سی، فارمر پروڈیوسر آرگنائزیشن (ایف پی او) اور دیگر منصوبوں کو چلانے میں کوآپریٹیو کے رول کو متنوع بنانے کی کوششوں کی تفصیلی ذِکر کیا۔میٹنگ میں سیکرٹری کوآپریٹیوز، رجسٹرار کوآپریٹیوز، ایڈیشنل رجسٹرار برائے کشمیر اور جموں، ڈپٹی رجسٹراروں اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔










