مرحوم دانش اور یاسر کے سوگوار کنبے کو تعاون کا یقین دِلایا
جموں //وزیر برائے زرعی پیداوار اوردیہی ترقی و پنچایتی راج جاوید احمد ڈار نے رام بن میں ایک المناک سڑک حادثے میں جاں بحق ہوئے دو بہن بھائی دانش اِمتیاز خان اور یاسر اِمتیاز خان کے سوگوار کنبے کے اَفراد سے ملاقات کی۔اُنہوں نے بذاتِ خود ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد علاقے میں واقع چجھامہ گاؤں میں اُن کے اہل خانہ کی رہائش گاہ جاکر دِلی ہمدردی کا اِظہارکیا اور غم کی اِس گھڑی میں ان کے مدد کی پیش کش کی۔وزیر موصوف نے امتیاز احمد خان کے بیٹوں دانش اور یاسر کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اِظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اِظہار کیا اور اس ناقابل تلافی نقصان پر صبر و ہمت کی تلقین کی ۔ اُنہوں نے مرحومین کی ارواح کے ابدی اور دائمی سکون ،مغفرت اورسوگوار کنبے کے اِس سانحہ کو برداشت کرنے کی ہمت کے لئے بھی دعاکی۔ یہ بہن بھائی 10 ؍جنوری کو سری نگرسے جموں جانے والے ایک ٹرک میں سفر کے دوران ایک خوفناک حادثے میں اَپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ اطلاعات کے مطابق گاڑی سڑک سے پھسل کر رام بن علاقے میں گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں اُن کی المناک موت واقع ہوئی۔وزیر جاوید احمد ڈار نے اہل خانہ کو یقین دِلایا کہ اِس مشکل وقت میں انہیں ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔










