جاوید احمد رانا کا مینڈھر میں عوامی دربار کا اِنعقاد

جاوید احمد رانا کا مینڈھر میں عوامی دربار کا اِنعقاد

کہا، حکومت عوام کے مسائل کو فوری طو رپر حل کرنے کیلئے پُر عزم ہے

مینڈھر(پونچھ)// وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امورجاوید احمد رانا نے آج پی ڈبلیو ڈی ڈاک بنگلہ مینڈھر میں ایک میگا عوامی دربار کا اِنعقاد کیا اور وہاں سینکڑوں وفود اور اَفراد نے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے وزیر سے ملاقات کی۔یہ عوامی دربار علاقے میں ترقیاتی صورتحال کا جائزہ لینے کے مقصد سے منعقد کیا گیا جہاں وزیر موصوف نے پانی کی فراہمی، صحت عامہ، فارسٹ رائٹس ایکٹ کی عمل آوری ، پردھان منتری آواس یوجنا (پی ایم اے وائی ۔ جی) اور قبائلی بہبود سمیت کئی مسائل مقامی لوگوں کے بغور سنے ۔ اِس کے علاوہ وفود نے سڑکوں کی بہتری، ایکلاویہ ماڈل رہائشی سکولوں اور دیگر ترقیاتی ضروریات سے متعلق اپنے مطالبات پیش کئے۔وزیر جاوید رانا نے وفود کو یقین دِلایا کہ تمام مسائل کو منظم اور بروقت حل کیا جائے گا۔وزیر موصوف نے کہا،’’مقامی باشندوں کی طرف سے اُٹھائے گئے تمام مسائل کو مقررہ وقت میں حل کیا جائے گا۔ ہم عوام کے مسائل کے حل کے لئے پوری طرح سے متحرک ہیں اور مؤثر طرزِ حکمرانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عوامی شکایات کو اوّلین ترجیح پر حل کرنے کے لئے پُر عزم ہے ہیں۔‘‘اُنہوں نے حکومت کے مختلف کلیدی اَقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ہر گھر کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی، فارسٹ رائٹس ایکٹ کی عمل آوری، قبائلی امور کے مسائل کے حل، صحت عامہ کی بہتری اور سڑکوں کی تعمیر و بحالی جیسے منصوبے حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہیں۔عوامی دربار کے دوران وزیر جاوید احمد رانانے متعلقہ محکموں کے اَفسران کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کئے بالخصوص ترقیاتی منصوبوں کی بہتر عمل آوری کے لئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹوں کی بروقت تیاری کی ہدایت دی۔اُنہوں نے آبپاشی، فلڈ کنٹرول اور جنگلات کے محکمو ں پر بھی زور دیا کہ وہ پانی اور مٹی کے تحفظ کو ترجیح دیں اور چیک ڈیموں کی تعمیر کے ذریعے بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے اَقدامات کریں۔