کہا، حقوق کے ساتھ اِجتماعی ذمہ داری بھی آتی ہے،مقامی لوگوں نے مطالبہ پور کرنے پر وزیر کا شکر اَد اکیا
پونچھ//وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانانے عوام کی فلاح و بہبود کو اوّلین ترجیح قرار دیتے ہوئے آج ہر گھر کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اِن باتوں کا اِظہار اُنہوں نے کساب اور ملک پورمینڈھر میں دو واٹر سپلائی سکیموں کا اِفتتاح کرتے ہوئے کیا۔کساب سکیم 3.25 کروڑ روپے جبکہ ملک پور سکیم 5.45 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی ہے جو جل جیون مشن کا حصہ ہیں۔وزیر موصوف نے کہا کہ پانی کی دستیابی ایک محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے اور پانی کے وسائل کو بہتر طریقے سے منظم کرنے کے لئے ٹھوس اَقدامات کئے جا رہے ہیںبالخصوص اُن علاقوں میں جہاں پانی کی فراہمی محدود ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ سکیمیں لوگوں کے لئے پینے کے پانی کی مزید دیرپا فراہمی کو یقینی بنائیں گی۔اُنہوں نے کہا ،’’ یہاں کے عوام طویل عرصے سے پانی کی عدم دستیابی کا سامنا کر رہے تھے اور آج مقامی لوگوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔‘‘واٹر سپلائی سکیم کساب سے 1,560 آبادی کو فائدہ پہنچے گا جس کے تحت 205 نئے کنکشن نصب کئے گئے ہیںجبکہ ملک پور سکیم سے 2,075 آبادی مستفید ہوں گے جہاں 150 نئے کنکشن دئیے گئے ہیں۔جاوید احمد رانانے مقامی باشندوں پر زور دیا کہ اس بنیادی سہولیت سے فائدہ اُٹھانے کے ساتھ ساتھ اس کی حفاظت اور دیکھ ریکھ کی اِجتماعی ذمہ داری بھی عوام پر عائد ہوتی ہے تاکہ یہ طویل عرصے تک مؤثر طریقے سے کام کرتی رہے۔مقامی لوگوں نے وزیرموصوف کا شکریہ اَدا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے کہا ،’’ ہمیں پانی کی غیر متوقع سپلائی کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ اُنہوں نے وزیر موصوف کا شکریہ اَدا کیا کہ اُنہوں نے ہمارے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا۔ ہمیں اُمید ہے کہ اب ہماری پانی کی پریشانیاں ختم ہو جائیں گی اور ہمیں باقاعدگی سے پانی فراہم کیا جائے گا۔‘‘










