جاوید احمد رانا نے قبائلی علاقوں میں بنیادی سہولیات کو بڑھانے پر زور دیا

جاوید احمد رانا نے قبائلی علاقوں میں بنیادی سہولیات کو بڑھانے پر زور دیا

جموں//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے محکمہ قبائلی امور کے افسروں سے کہا کہ وہ قبائلی بہبود کے اقدامات اورسکیموں کی عمل آوری اور ان کی پیداوار کا تفصیلی جائزہ لیں اور جموں و کشمیر کے قبائلی علاقوں میں بنیادی سہولیات کو بڑھانے کے لئے ٹھوس لائحہ عمل تیار کریں۔وزیر موصوف کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میںڈائریکٹر قبائلی امور غلام رسول، ڈپٹی ڈائریکٹر قبائلی امور اور محکمہ کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے قبائلی آبادی کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں اور افسران کو ہدایت دی کہ ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں وسائل کے زیادہ سے زیادہ اِستعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کے فوائد مطلوبہ آبادی تک پہنچ سکیں۔جاوید احمد رانانے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ان نظاماتی مسائل کا جائزہ لیں جو فلاحی سکیموں کی عمل آوری میں رُکاوٹ بن رہے ہیں اور ان کے حل تلاش کریں۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ اَفسران وقتاً فوقتا ًمختلف سکیموں کی صورتحال کا جائزہ لیں تاکہ گجر اور بکروال کے طلبأکو فوائد سے محروم نہ کیا جائے۔وزیرموصوف نے ہوسٹلوںکی مرمت اور تزئین و آرائش کی پیش رفت اور بنیادی ڈھانچے کے بارے میں تفصیلات بھی طلب کیں۔اُنہوں نے محکمہ میں مختلف اسامیوں کو پُرکرنے کے حوالے سے ہدایت دی کہ خالی اَسامیوں کو مقررہ مدت میں پُر کیا جائے۔جاوید احمدرانا نے کہا کہ گزشتہ مردم شماری کے بعد سے قبائلیوں کی آبادی میں اضافہ ہوا ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے اضافی وسائل کرنے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت کی بنیادی توجہ تعلیم، صحت، ہنرمندی کی ترقی، باغبانی، زراعت، سیاحت وغیرہ پر زور دینے کے ساتھ قبائلیوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔وزیر موصوف نے ڈائریکٹر سے کہا کہ وہ بوائز پی جی ہوسٹل سری نگر کو کھمبر سری نگر میں نئی ٹی آر آئی عمارت میں منتقل کرنے کی فزیبلٹی کا جائزہ لیں۔اُنہوں نے ڈائریکٹر کو مشورہ دیا کہ وہ جی اینڈ بی ہوسٹل کا تفصیلی جائزہ لینے، جی اینڈ بی ہوسٹل میں اَسامیوںکی معرض وجود میں لانے سمیت مذکورہ امور کی جانچ کریں اور تجاویز پیش کریں تاکہ جموں و کشمیر میں ڈائریکٹوریٹ اور جی اینڈ بی ہوسٹل کو بہترکرنے کے لئے حکومت کے ساتھ اس معاملے کو اٹھایا جاسکے۔اِس سے قبل ڈائریکٹر قبائلی امور نے ڈائریکٹوریٹ کے کام کاج کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی جس میں مختلف مسائل اور سکیمیں شامل تھیں۔اُنہوں نے نئے ہوسٹلوں کی تعمیر اور موجودہ ہوسٹلوں کی مرمت و تزئین و آرائش کے کاموں کے بارے میں بھی جانکاری دی۔ اُنہوں نے کہا کہ افرادی قوت کی حیثیت، پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک سکالرشپ ایس ٹی طلبأکو دئیے جارہے ہیں۔اُنہوں نے محکمہ کو درپیش مسائل پر بھی روشنی ڈالی جن میں ڈائریکٹوریٹ کے مجموعی کام کاج کو بہتر بنانے کے لئے فوری مداخلت اور اس کا تفصیلی جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔