جاوید احمد رانا نے شوپیاں میں لوگوں کی شکایات سنیں

جاوید احمد رانا نے شوپیاں میں لوگوں کی شکایات سنیں

شوپیان//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی اَمور جاوید احمد رانا نے آج شوپیان ضلع کے کئی علاقوں کا دورہ کیا اور لوگوں کی شکایات سنیں۔دورے کے دوران وزیر کے ساتھ رُکن قانون ساز اسمبلی زینہ پورہ شوکت حسین گنائی اور افسران برہالن اور ہیرپورہ جیسے مقامات پر گئے جہاں لوگوں نے اُن سے ملاقات کی اور اپنے مسائل کے جلد حل کے لئے وزیر سے مداخلت کی درخواست کی۔اِس موقعہ پر رُکن قانون ساز اسمبلی نے اَپنے حلقے میں عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق مطالبات پیش کئے۔ اُنہوں نے سڑکوں کی میکڈیمائزیشن، دیہی صحت کے بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن، بہتر صفائی ستھرائی کی سہولیات اور پانی کی سپلائی کا وقت بڑھانے جیسے امور پر زور دیا۔ایک عوامی وفد نے آئین میں ضمانت شدہ جنگلاتی حقوق ایکٹ کی عمل آوری کا مطالبہ کیا اور اپنی مسترد شدہ درخواستوں پر نظرثانی اور منصفانہ جانچ پڑتال کی اپیل کی۔ہیرپورہ سے آئے ایک اور وفد نے اَپنے علاقے میں پینے کے پانی کی قلت کا مسئلہ اُٹھایا اور وزیر سے اپیل کی کہ وہ اس مسئلے کے فوری حل میں مداخلت کریں۔اِسی طرح ایک اور وفد نے بہتر ڈرینج سسٹم کی فراہمی کا مطالبہ کیا اور شکایت کی کہ بارشوں کے موسم میں سڑکیں بند ہو جاتی ہیں جس سے راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔وزیر جاوید احمد رانانے لوگوںکی طرف سے پیش کئے گئے مسائل کو بغور سنا اور وفود کو یقین دِلایا کہ حکومت لوگوں کو درپیش مسائل سے باخبر ہے اور اُن کے ترجیحی بنیادوں پر حل کے لئے متعدد اقدامات اْٹھائے گئے ہیں۔وزیر موصوف نے اپنے محکمے کے تحت آنے والے شکایات کا بھی جائزہ لیا اور یقین دِلایا کہ حکومت عوام کی طرف سے اْٹھائے گئے مسائل کو عملی طور پر حل کرے گی۔ اُنہوں نے یہ بھی یقین دہانی کی کہ دیگر محکموں سے متعلقہ مسائل کو بروقت کارروائی کے لئے متعلقہ حکام کو بھیجا جائے گا۔