جاوید احمد رانا نے رجعت پسند قوتوں کو شکست دینے کیلئے متحد جدوجہد پر زور دیا

جموں//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے آج ایک منصفانہ اورمساوی معاشرے کی تعمیر کے لئے آئین پرستی کا جذبہ پیدا کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے ایک مضبوط اور زیادہ جامع ہندوستان کے لئے سماجی ترقی اور اِصلاحات کے مخالف رجعت قوتوں کو شکست دینے کی اپیل کی۔ وزیر شری گورو روی داس سبھا باہو فورٹ کی جانب سے ’یوم آئین‘منانے کے لئے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔جاوید احمد رانا نے ایک اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تمام لوگوں کو مُبارک باد پیش کی ۔اُنہوں نے کہا کہ ہمارے آئین کو اَپنانے کی یاد منانا ہر شہری کے لئے باعث فخر ہے ۔اُنہوںنے کہا کہ آئین ملک کی سب سے بڑی کتاب ہے اور اس نے وقتاً فوقتاً سامنے آنے والے مختلف چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے صحیح راستہ دِکھایا ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ ہمارے آئین کو اندر اور باہر سے کمزور کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں لیکن ہمیں متحد ہو کر اِن مزموم عزائم کو شکست دینی ہوگی ۔جاوید احمد رانا نے ڈاکٹر امبیڈ کر کی پسماندہ طبقے کی ترقی اور سماجی نا اِنصافی کے خلاف لڑنے کی انتھک اور متاثر کن کوششوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ سماجی اِنصاف کے لئے ان کی کوششیں تبدیلی کا باعث تھیںاور اُنہوں نے ہندوستان میں پسماندہ طبقوں کو بااِختیار بنانے کی بنیاد ڈالی۔اُنہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے کو درپیش مسائل کی وجہ یہ نہیں کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کمی ہے بلکہ لوگ کئی لحاظ سے بٹے ہوئے ہیں۔وزیر موصوف نے کہا ،’’ ہمیں معاشرے کے ذمہ دار اران کی حیثیت سے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا اور اپنے حقوق کے لئے کھڑا ہونا ہوگا۔ ہمیں اَپنی آنے والی نسلوں کی بہتری کے لئے سنجیدگی سے سوچنا ہوگا اور اَپنی ذمہ داریوں کو لگن اور ایمانداری کے ساتھ نبھانا ہوگا۔‘‘وزیر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج ہندوستان وشواگرو بننے پر بہت زور دے رہا ہے ، اِس مقصد کو سماج کے تمام طبقوں کو ساتھ لے کر ہی پورا کیا جائے گا ، چاہے وہ کسی بھی مذہب ، ذات یا کسی بھی دوسرے لحاظ سے بالاتر ہوں۔جاوید احمد رانانے اس بات پر بھی زور دیا کہ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت اپنے لوگوں کی زندگیوں میں درپیش مشکلات کو دور کرنے میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کر رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے منشور میں جموں و کشمیر کے عوام سے کچھ وعدے کئے ہیں اور ہماری حکومت ان وعدوں کو جلد از جلد پورا کرنے کے لئے کام کر رہی ہے۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے مقامی اور قومی سطح پر مختلف مسابقتی اِمتحانات میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہونہار طلاب کو بھی مُبارک باد پیش کی اور کہا کہ اُن کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہماری ذمہ داری ہے ۔اُنہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ حکومت ایک طالب علم کے ذریعے کئے گئے ہندوستانی آئین کے ڈوگری ترجمہ کی اشاعت کے اخراجات برداشت کرے گی۔