جاوید احمد رانا نے جے پی ڈِی سی ایل اَفسران کے ساتھ سرمائی تیاریوں کا جائزہ لیا

جاوید احمد رانا نے جے پی ڈِی سی ایل اَفسران کے ساتھ سرمائی تیاریوں کا جائزہ لیا

جموں//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے جموں پاور ڈِسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ بالخصوص وادی چناب اور صوبہ جموںکے پیر پنجال خطے میں سرمائی تیاریوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں چودھری نثار علی خان ، محمد یاسین ، ایم ڈی جے پی ڈِی سی ایل ، چیف اِنجینئر پی ڈِی ڈِی اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں موسم سرما کے دوران بجلی کی فراہمی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے جے پی ڈِی سی ایل کی سرمائی تیاریوں بالخصوص ان علاقوں میں جو برف سے ڈھکے ہوئے ہیں اور پیر پنجال خطے اور وادی ٔچناب کے بالائی علاقوںپر تفصیلی غورو خوض کیا گیا ۔جاوید احمد رانا نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے فول پروف طریقہ کار وضع کریں کہ بالائی اور دُور دراز علاقوں میں جہاں برفباری ہوتی ہے انہیں بار بار رکاوٹوں اور بندش کا سامنا نہ کرنا پڑے۔میٹنگ میں بنیادی طور پر پی ڈی ڈی کی سرمائی تیاریوں بشمول ٹرانسفارمروں، بجلی کے کھمبوں کے بفر سٹاک کی دستیابی پر توجہ مرکوز کی گئی تاکہ صارفین کو بغیر کسی پریشانی کے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔اُنہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ برفباری اور دیگر موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے ان علاقوں میں لکڑی کے کھمبوں کو بار بار نقصان پہنچتا ہے جس کی وجہ سے لوگ کئی دنوں تک بجلی سے محروم رہتے ہیں۔وزیر موصوف نے کہا کہ لکڑی کی تبدیلی کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ الیکٹرک ڈویژن میں ٹرانسفارمروں کے بفر سٹاک کی دستیابی کو یقینی بنائیں تاکہ خراب شدہ ٹرانسفارمروں کو تبدیل کرنے کے لئے حساس علاقوں اور بالائی علاقوں میں بھیجا جا سکے۔جاوید احمد رانا نے محکمہ کی طرف سے اَپنائے جانے والے فعال نقطہ نظر پر زور دیا اور کہا کہ سرمائی تیاری کے پہلو پر کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جانا چاہیے۔اُنہوں نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ موسم سرما کے لئے ایک واضح شیڈول رکھیں اور اس کی وسیع پیمانے پر تشہیر کریں تاکہ لوگوں کو پہلے سے اچھی طرح معلوم ہوسکے ۔اُنہوں نے افسران سے مزید کہا کہ بجلی کی غیر شیڈول کٹوتی نہ کی جائے۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوف نے بجلی سے محروم قبائلی دیہاتوں کی صورتحال کے بارے میں بھی تفصیلات طلب کیں اور کہا کہ ان کی برقی کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے۔میٹنگ کے دوران پی ڈی ڈی منی ورکشاپ کے قیام کے لیے مخصوص علاقوں کے لوگوں کے مطالبات پر بھی بات چیت ہوئی۔