جاوید احمد رانا نے جے پی ایس کے جونیئرز گریجویشن ڈے میں شرکت کی

جاوید احمد رانا نے جے پی ایس کے جونیئرز گریجویشن ڈے میں شرکت کی

طلباء میں جسمانی فِٹنس اور ذہنی چوکسی پیدا کرنے پر زور

جموں// وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امورجاوید احمد رانا نے آج جودھامل پبلک سکول کے پری پرائمری گریجویشن ڈے میں شرکت کی۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے جونیئر طلباء کو مُبارک باد دی اور ان کی کامیابیوں کا سہرا ان کی محنت اور اَساتذہ کی لگن کو دِیا۔اُنہوں نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا ذریعہ ہے جو فرد کی صلاحیتوں کو اُجاگر کرتا ہے اور انہیں عظیم اور بااثر رہنما بننے کے قابل بناتا ہے۔وزیر نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں آکر بے حد خوشی ہوئی ہے اور ان شاندار چھوٹے بچوں کی زندگیوں میں ایک خاص سنگ میل کا جشن منا رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا،’’یہ نوجوان گریجویٹس ہماری قوم کا مستقبل ہیں جو بے پناہ صلاحیتوں اور اِمکانات سے بھرپور ہیں۔‘‘ اُنہوں نے بچوں کو تاکید کی کہ وہ سوالات پوچھتے رہیں، نئے آئیڈیاز کی تلاش کرتے رہیں اور اور خود پر یقین رکھیں۔جاوید احمد رانا نے طلباء میں جسمانی فٹنس، ذہنی چوکسی اور روحانی بلندی پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ایک بہتر معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ اُنہوں نے سکول اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ان خوبیوں کو اَپنے طلباء میں پروان چڑھانے کو ترجیح دیں کیوں کہ سکول کی تعلیم نوجوان ذہنوں کی تشکیل میں بنیادی کردار اَدا کرتی ہے۔اُنہوں نے والدین کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بچوں کی پرورش میں ان کی حوصلہ افزائی، رہنمائی، تعاون اور قربانیاں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں اور بچوں کے ابتدائی سالوں کی بہترین نشوونما میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے سکول کی جانب سے بچوں کی پرورش اور تربیت کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور سکول انتظامیہ، اساتذہ اور دیگر عملے کی محنت، لگن اور محبت کا اعتراف کیا جو وہ بچوں کو ایک ذمہ دار اور قابل فرد بنانے کے لئے کرتے ہیں۔تقریب میں سکول ٹرسٹیز، اِنتظامیہ، اَساتذہ، طلباء ، والدین اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی۔