جموں//وزیربرائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے آج ایک آن لائن میٹنگ میں ضلع بڈگام میں جل جیون مشن کے تحت کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جس میں ممبران اسمبلی علی محمد ڈار ، شفیع احمد وانی اور سیف الدین بٹ بھی موجود تھے۔جاوید احمد رانا نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ جل شکتی کے تمام اَفسران پر زور دیا کہ وہ جل جیون مشن کے تحت کاموں کی انجام دہی کی ذمہ داری لیں اور بڈگام میں جل جیون مشن کی آسان عمل آوری کے لئے مل کر کام کریں۔ اُنہوںنے زیر تعمیر پانی کی سکیموں ، ڈی پی آرز ، ٹینڈرنگ ، جل میون مشن کے تمام کاموں کے کام کی الاٹمنٹ کی صورتحال کا جائزہ لیا اور تمام گھرانوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے جے جے ایم کے تمام جاری منصوپروجیکٹوں پر تیزی سے کام کی تکمیل پر زور دیا۔وزیر موصوف نے اَفسران سے کہا کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے کام کی انجام دہی میں تیزی لائیں تاکہ لوگوں کو پائپ کے ذریعے پینے کے پانی کی سہولیت میسر ہو۔ اُنہوں نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی رُکاوٹ کو فوری طور پر دور کریں اور جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے اَفسروںکو ہدایت دی کہ وہ مقامی قانون سازوں کی مشاورت سے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹس (ڈی پی آرز) تیار کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ علاقے کے منتخب نمائندے ہونے کے ناطے ایم ایل اے کی عوام تک رسائی ہے اور اَفسران اس بات کو یقینی بنانے میں اُن کی مدد لے سکتے ہیں کہ ہر مستحق مستفید کو سرکاری سکیموں کے تحت لایاجائے۔وزیر موصوف نے کہا کہ ضلع میں حکومتی سکیموں کی تشکیل اوعمل آوری کے دوران مقامی ایم ایل اے کو اعتماد میں لینے سے زمینی حقائق کے بارے میں رائے ملتی ہے جس سے حکومت کو عوامی ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کرنے والی پالیسیاں تشکیل دینے میں مدد ملتی ہے۔










