27سالہ نوجوان کی مبینہ زہرخوری سے موت
ہندوارہ//شمالی قصبہ ہندوارہ کے مضافاتی علاقہ تارتھ پورہ میں چوبیس گھنٹوں میں رونماہوئے دوسرے المناک واقعے میں ایک نوجوانوںنے شادی کے کچھ روز بعدہی مبینہ طورپرخودکشی کرلی ۔جے کے این ایس کے مطابق تارتھ پورہ ہندوارہ جہاں جمعرات کوشام دیر گئے ایک دھماکے کے نتیجے میں ایک22سالہ دوشیزہ جاں بحق اوراُسکے والدسمیت 6افرادخانہ زخمی ہوئے تھے ،میں جمعہ کی صبح پھر لوگوںکے زخم ہرے ہوگئے ،جب یہاںحال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے ایک27سالہ نوجوان نے مبینہ طورپرکوئی زہریلی شے نوش کرکے نہ صرف اپنی زندگی کاخاتمہ کردیا بلکہ اپنی شریک حیات سمیت سبھی افرادخانہ کوداغ مفارقت بھی دیا۔مقامی لوگوں کے مطابق 27سالہ عرفان احمدوار ساکنہ ہردونہ تارتھ پورہ رامحال ہندوارہ جسکی شادی حال ہی میں ہوئی تھی ،نے مبینہ طورپرنامعلوم وجوہات کی بناء پراپنے گھرمیں کوئی زہریلی شے نوش کی ۔مذکورہ نوجوان جوکہ ابھی زیرتعلیم تھا ،کوگھروالوںنے فوری طورپرضلع اسپتال ہندوارہ پہنچایاتاہم یہاں موجودداکٹروںکی کوشش کے باوجود دم توڑ بیٹھا ۔اسپتال ذرائع نے بتایاکہ نوجوان کے جسم میں زہراپناکام کرگیاتھا ۔انہوںنے کہاکہ ڈاکٹروںنے اسکو بچانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ دوران علاج ہی دم توڑ بیٹھا۔ہندوارہ پولیس نے اس سلسلے میں معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔










